الیکشن جیت کر ”پڑھا لکھا پاکستان“ کی منزل حاصل کریں گے: پرویز الہٰی

لاہور (خصوصی رپورٹر) (ق) لیگ کے سینئر مرکزی رہنما اور نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پڑھا لکھا پنجاب آغاز تھا ہماری منزل پڑھا لکھا پاکستان ہے اور انشاءاللہ ہم الیکشن جیت کر یہ منزل حاصل کریں گے، پنجاب میں بطور وزیراعلیٰ میرے انقلابی اقدامات سے شرح خواندگی 62% ہو گئی اور تعلیمی اداروں میں داخلہ میں بھی 70% تک اضافہ ہوا، سرکاری و نجی شراکت سے تعلیمی اداروں کا قیام مثبت قدم ہے، مایوسی پھیلانے والے ہر شعبہ میں متحرک ہیں لیکن میں اللہ کریم کی رحمت سے مایوس نہیں، وہ کراچی میں دادا بھائی انسٹیٹیوٹ آف ہائر ایجوکیشن کے پانچویں کانووکیشن سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب کے اختتام پر 400 سے زائد طلباءو طالبات میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں۔ پرویزالٰہی نے کہا کہ میں نے بحیثیت وزیراعلیٰ پنجاب سوشل سیکٹر میں صحت، تعلیم، امن و امان کی بحالی، انصاف کی فراہمی، قانون کی عمل داری، غریب اور عام آدمی کی بہبود سمیت متعدد کام کیے، غریب آدمی کی حالت بدلنے کیلئے ان کی تعلیم میں حائل ہر رکاوٹ ختم کر دی، اس سلسلہ میں کیے گئے اقدامات میں 2 کروڑ 80 لاکھ طلبہ و طالبات کیلئے میٹرک تک مفت تعلیم اور مفت کتابیں، 11 لاکھ طلبہ و طالبات کیلئے ماہانہ وظیفہ، فنی تعلیم کا فروغ، سرکاری اور نجی شعبے میں 18 نئی یونیورسٹیوں کا قیام،سپیشل طلبہ کیلئے لاہور اور بہاولپور میں ڈگری کالجز اور دیگر اقدامات شامل ہیں۔ان تمام اقدامات کی وجہ سے صوبہ میں شرح خواندگی 47 فیصد سے بڑھ کر 62 فیصد ہو گئی جبکہ تعلیمی اداروں میں انرولمنٹ میں 70 فیصد تک اضافہ ہوا۔ ہمیں ایک ایسے نافع علم کی ضرورت ہے جو ہمارے کردار کو سنوار دے، ہماری معیشت کو مستحکم اور ہماری سماجی و ثقافتی الجھنوں کو دور کر دے۔علاوہ ازیںچکوال کے حلقہ پی پی 22سے (ن) لیگ کے سابق ٹکٹ ہولڈر پیر نثار قاسم نے اپنے ہزاروں ساتھیوں سمیت ق لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔ چودھری پرویزالٰہی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات میں انہوں نے چودھری شجاعت اور چودھری پرویزالٰہی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سردار غلام مہدی، چودھری محمد علی، چودھری غلام حیدر، چودھری قاسم علی، چودھری تنویر علی ایڈووکیٹ سمیت دیگر مقامی رہنما ان کے ہمراہ تھے۔ پرویزالٰہی نے پیر نثار قاسم کو خوش آمدید کہا کہ ان کی شمولیت سے چکوال میں ہماری پارٹی مزید مضبوط ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی ہمارا مشن ہے اس لئے ہم نے شہروں کے ساتھ ساتھ دیہات میں بھی گیس فراہم کرنے کے منصوبے شروع کر رکھے ہیں جبکہ دور دراز دیہات میں بجلی بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ پسماندہ اور دیہی علاقوں کی ترقی پر میں نے ہمیشہ خصوصی توجہ اور اولیت دی ہے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...