لاہور (سپورٹس رپورٹر) 32ویں نیشنل گیمز میں ایتھلیٹکس کے مقابلوں میں تیز ترین خاتون کا اعزاز حاصل کرنے والی پنجاب کی صاحب اسرا کا کہنا ہے کہ بدقسمتی ہے کہ مقابلے ٹائرن ٹریک پر نہیں ہو رہے اگر ایسا ہوتا تو میری کارکردگی اس سے بھی اچھی رہتی۔ نوائے وقت کو انٹرویو دیتے ہوئے صاحب اسرا کا کہنا تھا کہ قومی چیمپئن بننے کی بہت خوشی ہے۔ مجھے فخر ہے کہ تجربہ کار ایتھلیٹس کی موجودگی میں میری کارکردگی شاندار رہی اور میں نے مقررہ فاصلہ 12:22 سیکنڈ میں طے کیا۔ نیشنل گیمز کے مقابلے گراس پر ہونے کی وجہ سے اکثر کھلاڑیوں کی کارکردگی معیار سے کم رہی ہے۔ اگر یہ مقابلے ٹائرن ٹریک پر ہوتے تو مقابلوں کا اور زیادہ مزا آتا۔ کوچ کے بتائے ہوئے طریقوں کے مطابق تیاری کرتی رہی، آج قومی چیمپئن بننے پر خدا کا شکر ادا کرتی ہوں۔ پنجاب کے شہر فیصل آباد سے تعلق رکھنے والی نویں جماعت کی طالبہ صاحب اسرا کا کہنا تھا کہ نیشنل چیمپئن شپ میں اپنی کارکردگی کو بہتر بنا¶ں گی تاکہ بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکوں۔ نیشنل گیمز کا انعقاد بہت اچھا ہوا ہے جس پر منتظمین مبارکباد کے مستحق ہیں۔ اس بات سے کوئی غرض نہیں ہے کہ نیشنل گیمز تنازعات کی شکار ہیں، مجھے اپنی کارکردگی بہتر سے بہتر کرنی ہے۔