بھارتی ٹیم کا دورہ پاکستان‘ ذکاءاشرف رواں ہفتے بھارتی حکام سے ملاقات کرینگے

لاہور+احمدآباد (نیوز ایجنسیاں) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکاءاشرف رواں ہفتے کے اواخر میں پاکستان بھارت سیریز کے میچز دیکھنے بھارت جائیں گے۔ پی سی بی کے ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی ذکاءاشرف رواں ہفتے کے اواخر میں بھارت جائیں گے جہاں وہ پاکستان بھارت سیریز کے بقیہ میچز دیکھیں گے۔ ذکاءاشرف پیپلزپارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے علاوہ گڑھی خدابخش بھٹو (لاڑکانہ) میں کرکٹ سٹیڈیم کے اختتام کے سلسلے میں لاڑکانہ جائیں گے۔ وہ بینظیر بھٹو شہید کی برسی کی تقریب میں شرکت کے بعد بھارت جائیں گے۔ ذکاءاشرف دورہ بھارت کے دوران بی سی سی آئی حکام سے ملاقاتیں کریں گے اور بھارتی ٹیم کے جوابی دورے کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔ ذکاءاشرف اپنی ملاقاتوں کے دوران بی سی سی آئی حکام سے پاکستانی کھلاڑیوں کی آئی پی ایل میں شمولیت کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ ذکاءاشرف پاکستانی ہائی کمشن کے ساتھ صدر یا وزیراعظم کے دورہ کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ بھی لیں گے۔ پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹےموں کے درمیان دوسرا ٹی ٹونٹی میچ 28 دسمبر کو سردار پٹیل سٹیڈیم میں موتیرا احمدآباد میں کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے6 بجے شروع ہوگا۔ 

ای پیپر دی نیشن