اسلام آباد (ثناءنیوز) گڑھی خدا بخش میں قائم کئے جانے والے نئے کرکٹ سٹیڈیم کا افتتاح آج کیا جائے گا۔ صدر آصف علی زرداری گراونڈ کا افتتاح کریں گے۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر 10،10 اوورز کا میچ کھیلا جائے گا۔ ایک رپورٹ کے مطابق بورڈ کے شعبہ ڈومیسٹک نے کئی ریجن کو خطوط تحریر کر کے ان کو ہدایت کی ہے کہ وہ پاکستان ٹیم اور پاکستان اے کے کھلاڑیوں کو 26 دسمبر کے میچ کے لئے ریلیز کردیں ان میں محمد سمیع، فیصل اقبال، حماد اعظم، فواد عالم، سرفراز احمد نمایاں ہیں۔ اسی دن قائداعظم ٹرافی کا آغاز ہو گا۔ اس بات کے امکانات روشن ہیں کہ پی سی بی ان کھلاڑیوں کو بنگلہ دیش لیگ کے لئے این او سی جاری کر دے گا۔ گڑھی خدا بخش میں بینظیر بھٹو کے مزار کے باہر کرکٹ سٹیڈیم 22 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار ہوا ہے۔