لاہور(خصوصی نامہ نگار) پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے الیکشن سے قبل سیاسی گند صاف کرنے کے حامی ہیں لیکن اس کو کسی صورت انتخابی التواءکا سبب نہیں بننا چاہئے، قائداعظم کے پاکستان کو بچانے کے لئے ملک بھر سے انتخابات میں حصہ لیں گے، کراچی کی نئی حلقہ بندیوں کی حمایت کرتے ہیں، 6 ماہ کیلئے ہمیں سندھ حکومت دی جائے کوئی دہشت گرد نظر نہیں آئے گا، محب وطن جماعتوں سے اتحاد ہو سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مقامی شادی ہال میں علماءو مشائخ کے مشاورتی اجلاس کے بعد میڈیا میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں مختلف سیاسی جماعتوں اور افراد سے رابطے کے لئے مرکزی رہنما محمد شاہد غوری کی سربراہی میں 8 رکنی سیاسی ورکنگ کمیٹی محمد شکیل قادری، محمد محبوب سےتو، محمد زاہد حبیب قادری، ملک مطلوب احمد اعوان، علامہ خضرالاسلام، محمد انعام اللہ خان قادری، خان محمد جتک پر تشکیل دی گئی۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ حکمرانوں کو اپنا قبلہ درست کرنا ہوگا، ورنہ عوام آئندہ انتخابات میں جاگیردارانہ، وڈیرہ سیاسی بادشاہوں کا محاسبہ کریں گے۔ 13 جنوری کو کراچی میں عوامی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کریں گے۔