لاہور(سپورٹس رپورٹر) پنجاب یوتھ فیسٹیول 2014ء کے شاندار انعقاد کا تیسرا دن، صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے 36 اضلاع میں ہونے والے مقابلہ جات میں ایک لاکھ 20ہزار سے زائد نوجوانوں کی شرکت، کانٹے دار مقابلوں کے بعد 13ہزار کھلاڑی کامیاب قرار پائے۔ پنجاب کے 10ہزار سے زائد گروانڈز میں کرکٹ ٹیپ بال، والی بال رسہ کشی، ایتھلیکٹس، آرم ریسلنگ، بیڈ منٹن، بلیرڈکے مقابلہ جات ہوئے۔صوبائی دارالحکومت لاہور کے 7ٹاؤنز جن میں گلبرگ ٹاؤن، داتا گنج بخش ٹاؤن، سمن آباد ٹاؤن، شالامار ٹاؤن، عزیز بھٹی ٹاؤن ،نشتر ٹاؤن، واہگہ ٹاؤن کی 16یونین کونسلوں کے 129مقامات پر 1821کھلاڑیوں نے حصہ لیا جن میں سے 1109کھلاڑی کامیابی سمیٹ سکے جبکہ لاہور ڈویژن کے باقی اضلاع شیخوپورہ، ننکانہ صاحب کی 120یونین کونسلوں کے بلاکس میں 1080مقامات پر 5710کھلاڑیوں نے مقابلہ جات میں حصہ لیا جن میں 3335کھلاڑی کامیاب قرار پائے ۔اسی طرح گوجرانوالہ ڈویثرن کے 230یونین کونسلوں میں 470 مقامات پر 7588کھلاڑیوں نے مختلف کھیلوں میں حصہ لیا اور 3477کھلاڑی کانٹے دار مقابلوں کے بعد کامیاب قرار پائے۔ملتان ڈویثرن کی 142یونین کونسلوں کے بلاکس کے 492مقامات پر 2300کھلاڑیوں نے شرکت کی جن میں 1086کھلاڑی کامیاب رہے جبکہ بہاولپورڈویثرن کی 58یونین کونسلوں میں 62مقامات پر 868کھلاڑیوں نے کھیلوں میں حصہ لیا جن میں 429کھلاڑی کامیاب قرار پائے ،ڈیرہ غازی خان ڈویثرن کی 48یونین کونسلوں میں48مقامات پر 1122کھلاڑیوں نے مختلف کھیلوں کے مقابلہ جات میں حصہ لیا جن میں 540کھلاڑی کامیابی سے ہمکنار ہوئے۔