ڈربن (آئی این پی) جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے آل رائونڈر جیک کیلس نے ٹیسٹ کرکٹ کے بعد ریٹائر منٹ کا اعلان کر دیا، بھارت کے خلاف دوسرا ٹیسٹ جیک کیلس کے کیریئر کا آخری ٹیسٹ ہو گا۔ کرکٹ جنوبی افریقہ نے سماجی روابط کے نیٹ ورک ٹویٹر پر ایک پیغام میں بتایا کہ آل رائونڈر جیک کیلس نے اپنے تمام مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ون ڈے کرکٹ کے لئے دستیاب ہوں گے۔ ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنا آسان نہیں تھا لیکن ریٹائرمنٹ کے لئے بہتر وقت ہے۔اگر فٹ رہا تو ورلڈکپ2015 ء بھی کھیلوں گا۔ انہوں نے 165ٹیسٹ میچز میں 55.12کی اوسط سے 58 نصف سنچریوں اور 44سنچریوں کی مدد سے 13174رنز بنا رکھے ہیں۔ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 292 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔وہ جنوبی افریقہ کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں جبکہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں وہ چوتھے نمبر پر ہیں۔