اسلام آباد (اے پی اے) سیلز ٹیکس حکومت کی آمدنی کا بڑا ذریعہ بن گیا، رواں ماہ چوبیس دسمبر تک فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے اکسٹھ ارب روپے سے زائد سیلز ٹیکس وصول کیا۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ابتدائی اعدادوشمار کے مطابق یکم سے چوبیس دسمبر کے دوران سیلز ٹیکس وصولی چودہ ارب روپے اضافے سے اکسٹھ ارب تیراسی کروڑ روپے رہی۔ گزشتہ سال اس دوران سیلز ٹیکس کی مد میں صرف سینتالیس ارب تئیس کروڑ روپے وصول ہوئے تھے۔ ایف بی آر کے مطابق اس دوران درآمدی اشیا پر سیلز ٹیکس وصولی ستائیس فیصد اضافے سے اٹھائیس ارب پینتالیس کروڑ روپے رہی، جبکہ مقامی سطح پر اشیا کی فروخت سے تینتیس ارب ستتر کروڑ روپے کا سیلز ٹیکس وصول ہوا، اور اس میں ساڑھے چونتیس فیصد اضافہ ہوا۔ ایف بی آر کے مطابق اس دوران گھریلو سطح پر براہ راست ٹیکس،، سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں ایک سو ایک ارب پچپن کروڑ روپے وصول کئے گئے۔
رواں ماہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے 61ارب روپے سے زائد سیلز ٹیکس وصول کیا
Dec 26, 2013