بھارتی پنجاب کے تجربے سے فائدہ اٹھا کر توانائی کے منصوبے آگے بڑھائیں گے: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش توانائی کے بحران سے معاشی و تجارتی سرگرمیاں سست روی کا شکار ہیں۔ حکومت توانائی بحران کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔ توانائی کی کمی کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کو توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے خصوصی مراعات فراہم کی جا رہی ہیں۔ توانائی کے بحران سے نمٹنے کیلئے جہاں سے بھی تعاون حاصل کرنا پڑا کریں گے۔ بھارت پاکستان کا ہمسایہ ملک ہے۔ توانائی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دیکر تعلقات کو بہترکیا جاسکتا ہے۔ بھارت خصوصاً مشرقی پنجاب نے بائیوماس، بائیوگیس اور سمال ہائیڈل پراجیکٹس سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے لگائے ہیں۔ حکومت بھارتی پنجاب میں لگائے گئے کامیاب منصوبوں سے استفادہ کرنے کی خواہاں ہے۔ ہم مشرقی پنجاب کے تجربے اور مہارت سے فائدہ اٹھا کر توانائی کے منصوبوں کو تیز رفتاری سے آگے بڑھائیں گے۔ بائیو گیس کے پلانٹس لگانے کیلئے بھی بھارتی مہارت سے فائدہ اٹھایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں بھارت کے توانائی کے شعبہ سے وابستہ ماہرین کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ بھارتی وفد کی قیادت پوند پرویت بادل کر رہے تھے۔ ملاقات کے دوران توانائی کے شعبے میں تعاون پر بات چیت ہوئی۔ شہباز شریف نے بھارتی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت توانائی کی کمی کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے دن رات کوشاں ہے۔ مختلف ملکی اور غیرملکی توانائی کی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں سے توانائی کے شعبے میں تعاون کے حوالے سے کئی ایک معاہدے کئے گئے ہیں۔ پنجاب میں بائیوماس، بائیوگیس اور سمال ہائیڈل پراجیکٹس سے بجلی پیدا کرنے کے بڑے مواقع موجود ہیں۔ پنجاب حکومت سولرانرجی، ہائیڈل انرجی، کوئلے، گنے کے پھوگ، ونڈ اور دیگر ذرائع سے توانائی کے حصول کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ بھارتی پنجاب میں بائیوماس، بائیوگیس اور سمال ہائیڈل پراجیکٹس سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے کامیابی سے چل رہے ہیں۔ ہم مشرقی پنجاب کے تجربے اور مہارت سے فائدہ اٹھا کر توانائی کے منصوبوں کو تیز رفتاری سے آگے بڑھائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے ملاقات میں موجود پنجاب کے حکام کو ہدایت کی کہ بھارتی تجربے سے فائدہ اٹھانے کیلئے فی الفور مشاورتی اور تکنیکی عمل کو حتمی شکل دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بائیوماس کے 15، 15 میگاواٹ کے منصوبے لگانے کا جائزہ لیا جائے اور نہروں پر سمال ہائیڈل منصوبے لگانے کیلئے بلاتاخیر کام کیا جائے۔ قوم کا ایک ایک لمحہ قیمتی ہے، متعلقہ حکام وقت ضائع کئے بغیر قابل عمل منصوبوں کو جلد حتمی شکل دیں۔ بھارتی وفد کے سربراہ پوند پرویت بادل نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ بائیوگیس، بائیوماس اور سمال ہائیڈل پراجیکٹس سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے لگانے میں ہرممکن تعاون کریں گے۔ توانائی کے شعبے میں پاکستانی پنجاب کیساتھ ملکر کام کرنے پر ہمیں خوشی ہوگی۔علاوہ ازیں شہبازشریف سے گزشتہ روز چین کی بین الاقوامی کمپنی نورینکو کے وفدنے ملاقات کی۔ ملاقات میں انفراسٹرکچر کے شعبہ خصوصاً میٹرو بس پراجیکٹ کے منصوبے کا دائرہ کار بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔ شہباز شریف نے نورینکو کمپنی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین تاریخی تعلقات ہیں۔ پاکستان چین سے تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے۔ چین نے ہر مشکل کی گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ چین کے تعاون سے پاکستان میں کئی بڑے منصوبے پایہ تکمیل کو پہنچے ہیں۔ کاشغر سے گوادر تک اکنامک کوری ڈور کی تعمیر کا منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ پنجاب میں میٹرو بس پراجیکٹ کا دائرہ کار مزید بڑھا رہے ہیں۔ میٹرو بس پراجیکٹ کے باعث عوام کو معیاری، باکفایت اور تیز رفتار سفری سہولتیں میسر آئی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...