ریاض (اے ایف پی) سعودی عرب میں ہیروئن سمگلنگ پر ایک اور پاکستانی کا سر قلم کر دیا گیا۔ اس طرح وسط اکتوبر سے منشیات سمگلنگ کی بنا پر سر قلم کئے جانے والے پاکستانیوں کی تعداد 12 ہو گئی۔ سعودی عرب میں اس سال اب تک 85 افراد کو سزائے موت دی جا چکی ہے۔ وزارت داخلہ کے مطابق اسماعیل خان سید کا مشرقی صوبے میں ہیروئن کی بڑی مقدار سمگلنگ کرنے پر سر قلم کیا گیا۔ سعودی عرب میں دیگر منشیات کے علاوہ گزشتہ قمری سال 1435ھ کے دوران 18 کلوگرام ہیروئن پکڑ لی گئی تھی۔ اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات و جرم کے مطابق حالیہ سالوں میں گلف ممالک میں منشیات کے کاروبار میں اضافہ ہوا ہے۔ سعودی عرب میں ریپ، قتل، مسلح ڈکیتی اور مرتد ہونے پر بھی سزائے موت دی جاتی ہے۔