لاہور + کراچی + گڑھی خدابخش (نیوز ایجنسیاں) سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کی شہید چیئرپرسن محترمہ بینظیر بھٹو کی ساتویں برسی کل (ہفتہ) کو ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔ پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام اس دن کی مناسبت سے آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں میں قرآن خوانی اور اجتماعی فاتحہ خوانی کے علاوہ سیمینار اور دیگر تعزیتی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جن میں مقررین بینظیر بھٹو شہید کی جمہوریت کیلئے قربانیوں پر روشنی ڈالیں گے جبکہ پیپلزپارٹی (ورکرز) بھی بینظیر بھٹو شہید کی برسی کے موقع پر اپنے طور پر قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کے علاوہ دیگر تقریبات کا انعقاد کرے گی۔ بینظیر بھٹو کی ساتویںبرسی کا آغاز مساجد میں قرآن خوانی سے ہو گا، سب سے بڑا اجتماع گڑھی خدا بخش میں ہوگا جس میں پارٹی کی مرکزی اور صوبائی قیادت بھی شرکت کرے گی۔ صوبائی دارالحکومت میں اس دن کی مناسبت سے پنجاب اسمبلی کے سامنے شمعیں روشن کی جائیں گی۔ علاوہ ازیں پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری بے نظیر بھٹو کی ساتویں برسی میں شرکت کیلئے لندن سے واپس کراچی پہنچ گئے ہیں۔آصف علی زرداری برسی کے سلسلے میں لاڑکانہ جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق آصف زرداری کی اپنے بیٹے بلاول بھٹو زرداری کو منانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوسکی ہیں۔ وہ اکیلے ہی لندن سے واپس کراچی پہنچے ہیں۔ ذرائع کے مطابق برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں ہونے والے جلسے سے پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری، ان کی چھوٹی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری سمیت پارٹی کے سینئر رہنما خطاب کریں گے۔ مزید براں وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے ڈاکٹروں نے بلاول بھٹو زرداری کو سفر کرنے سے منع کیا ہے اس لئے کل لاڑکانہ کے جلسہ عام میں وہ یا آصف زرداری شرکت کریں گے۔کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری ہمارے لیڈر ہیں اور ہم سب کو ان پر اعتماد ہے۔ مخدوم امین فہیم پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر ہیں وہ کل بھی پیپلز پارٹی میں تھے آج بھی ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ علاوہ ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ بلاول اور آصف زرداری میں کوئی اختلافات نہیں، مخالفین افواہیں پھیلا رہے ہیں، امین فہیم پارٹی کے صدر ہیں، پارٹی میں چھوٹے موٹے اختلافات ہوتے رہتے ہیں، بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں جلسہ ضرور ہوگا، بلاول یا آصف زرداری میں سے کوئی ایک جلسے میں شرکت کرے گا۔