لاہور (میاں علی افضل سے) کوٹ لکھپت جیل میں سزائے موت کے 539قیدیوں سمیت مجموعی قیدیوں کی تعداد 3 ہزار 6 سو 46 ہے جبکہ جیل میں ایک ہزار 53قیدیوں کی گنجائش ہے اور جیل میں مجموعی گنجائش سے 246فیصد زائد قیدی موجود ہیں۔ جیل کی سکیورٹی کے لئے محکمہ جیل خانہ جات کی جانب سے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں کلوز سرکٹ کیمروں سے جیل کی مانیٹرنگ سمیت جیل اہلکاروں کو جدید اسلحہ فراہم کیا گیا ہے خطرناک ملزموں اور مجرموں کی موجودگی کی وجہ سے جیل اہلکاروں کیساتھ رینجرز اور فوج بھی جیل کی سکیورٹی پر تعینات ہے جبکہ متعلقہ تھانوں کی پولیس کا بھی جیلوں کے بیرونی علاقوں میں گشت معمول کی ڈیوٹی میں شامل ہے جیل کے باہر سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے کوٹ لکھپت جیل میں ایک ہزار 36 حوالاتی موجود ہیں جن کے کیسز مختلف عدالتوں میں زیر سماعت ہیں ان حوالاتیوں میں سے 946 مرد اور 90خواتین ہیں۔ کوٹ لکھپت جیل میں مختلف جرائم کے 2ہزار 71قیدی سزا پوری کر رہے ہیں جن میں سے 2ہزار 24مرد جبکہ 41خواتین قیدی موجود ہیں۔ کوٹ لکھپت جیل میں موجود سزائے موت کے قیدیوں میں 8 خواتین اور 525 مرد قیدی ہیں ان میں سے 174کی اپیلیں خارج ہو چکی ہیں۔