لاہور (نامہ نگار) شاد باغ کے علاقہ میں 23 سالہ نوجوان نے مبینہ طور پر بیوی سے جھگڑے اور چھوٹے قد کے طعنوں سے تنگ آ کر خودسوزی کر لی۔ بتایا جاتا ہے کہ شادباغ کے علاقہ بھمبے جھگیاں کا رہائشی رضا عقیل ایک بیٹے کا باپ تھا اور اس کا قد چھوٹا تھا، وہ میلوں اور نمائشوں میں موت کے کنویں میں موٹر سائیکل چلا کر اپنا اور اہل خانہ کا پیٹ پالتا تھا۔ اس کا بیوی (ر) سے اکثر جھگڑا رہتا جبکہ اس کی بیوی اسے چھوٹے قد کے طعنے دیتی تھی۔ گزشتہ روز دونوں میں پھر جھگڑا ہوا جس پر اس نے دلبرداشتہ ہو کر مبینہ طور پر اپنے اوپر مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگا لی جسے شدید زخمی حالت میں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا مگر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثا کے حوالے کر دی۔ نعش گھر پہنچتے ہی کہرام مچ گیا۔