گوجرخان + کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ+ بیورو رپورٹ+ این این آئی) گوجر خان میں گھنگریلہ ریلوے سٹیشن کے قریب راولپنڈی سے آنیوالی ہائی ایس ویگن ٹائی راڈ کھل جانے کے باعث بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 5 مسافر جاں بحق جبکہ 19 زخمی ہو گئے، زخمیوں کو ڈی ایچ کیو راولپنڈی منتقل کر دیا گیا، زخمیوں میں سے 7 کی حالت تشویشناک ہے جبکہ بولان کے علاقے میں گاڑی آئل ٹینکر سے ٹکرانے کے باعث ایک ہی خاندان کے 2 بچوں اور خواتین سمیت 5 افراد دم توڑ گئے۔ تفصیلات کے مطابق ہائی ایس ویگن نمبر RL2570 راولپنڈی سے گوجر خان آرہی تھی گھنگریلہ ریلوے سٹیشن کے قریب وین کا ٹائی راڈ کھل گیا جس پر گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گہری کھائی میں جا گری جس سے پانچ افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے جاں بحق ہونے والوں میں شاہ زیب، نعمان علی، زاہد محمود، فضل حسین شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے گوجر خان میں ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلی نے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے انتظامیہ کو ہدایت کی حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو ہسپتال میں علاج معالجے کی ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جائیں۔ علاوہ ازیں اسسٹنٹ کمشنر مچھ ممتاز کھیتران نے بتایا کہ جمعرات کو بولان کے علاقے کوہ باش میں خاران سے تعلق رکھنے والے ہندو برادری کے خاندان کی ایک گاڑی تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہوکر آئل ٹینکر سے ٹکرانے کے باعث 2 خواتین اور بچوں سمیت 5 افراد پائل کماری، دہن بائی، انیش کمار، ارجیت کمار اور ہری چندموقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ 3 خواتین پنکی، کلپنا اور مانو شدید زخمی ہو گئیں۔ ممتاز کھیتران نے بتایا ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق خاران سے ہے اور وہ بھاگ میں ہونے والے ہندوؤں کے سالانہ مذہبی میلے میں شرکت کیلئے جا رہے تھے۔