دہشت گردوں کو سزائیں دلوانے کیلئے خصوصی عدالتوں کے سوا کوئی چارہ نہیں: ظفر الحق

اسلام آباد(آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین اور قائد ایوان سینٹ راجہ محمد ظفرالحق نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں دہشت گردوں کو سزائیں دلوانے کیلئے خصوصی عدالتوں کے قیام کے سوا کوئی چارہ نہیں، عدالتوں میں صرف دہشت گردی میں ملوث ملزموں کیخلاف مقدمات چلائے جائیں گے‘ قائداعظم گذشتہ صدی میں پیدا ہونے والے مسلمانوں کے عظیم قائد تھے‘ قیام پاکستان عطیہ خداوندی اور قائد کا ملت کو تحفہ تھا‘ قائد کے پاکستان کو ہر صورت میں دہشت گردی سے پاک کرکے اسلامی فلاحی مملکت بنائیں گے۔ وہ جمعرات کو پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں قائداعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کے موقع پر کیک کاٹنے کی تقریب میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں دہشت گردی کے حوالے سے ایک خاص صورتحال درپیش ہے۔ دہشت گردوں کیخلاف آپریشن ضرب عضب اور ملک بھر میں کریک ڈائون نتیجہ خیز مرحلے میں ہے۔ دہشت گردوں نے مایوسی کے عالم میں بچوں کے سکولوں اور دیگر تعلیمی اداروں سمیت سافٹ ٹارگٹس کو نشانہ بنانا شروع کردیا ہے۔ پشاور کے آرمی پبلک سکول میں ڈیڑھ سو کے قریب معصوم بچوں کی شہادت جیسے واقعات سے صرف نظر کرنا کسی طور ممکن نہیں اب وقت آگیا ہے کہ دہشت گردی کے ناسور کو کچلنے کیلئے بھرپور کارروائی اور وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...