لاہو ر (این این آئی) وزیر اعلیٰ خیبر پی کے پر ویز خٹک نے کہا کہ چوہدری نثار سیاسی معاملات کے ذریعے پرانی دوستی میں خلل ڈالنے کی کو شش کر تے ہیں ،پارٹی کی پر زور فرمائش پر میں نے بھی خیبرپی کے میں میگا پر اجیکٹس بنانے شروع کر دئیے ہیں، چند ہی دنوں میں میٹرو بس بھی بننا شروع ہو جائے گی ، خیبرپی کے کو بنی گالہ سے ہر گزنہیں چلایا جا تا اور میں نے کبھی بنی گالا سے ہدایات نہیں لیں۔ احتساب کمشن کرپشن کے معاملے پر پلی بارگین نہیں کرتا۔ صوبائی احتساب کمشن مکمل طورپر آزاد اور خود مختا رہے ، یہاں ایسا نہیں ہے کہ جیسے وفاق میں حکومت او راپو زیشن نے ملی بھگت سے احتساب کمیشن کے چیئرمین کا تقرر کر رکھا ہے ، اسی لیے ہی وہ ان دونوں کے ارکان کونہیں پوچھتا، ہمارے احتساب کمشن کا چیئرمین نہ تو حکومت کا ہے اور نہ ہی اپو زیشن کا ، صوبے میں کوئی وی آئی پی کلچر نہیں۔ انہو ں نے کہا کہ مجھے وزیر اعلیٰ ہائوس جیل لگتی ہے کیونکہ میں ساری عمر کھلی فضائوں میں پھرتا رہا ہوں۔ انہو ں نے کہا کہ گارڈن کالج راولپنڈی میں پرویز رشید، شیخ رشید سے دوستی رہی اور ایچی سن میں عمران اور نثار سے دوستی رہی۔ ہم تو دوست کے ساتھ دوستی نبھانے کی کو شش کر تے ہیں لیکن چوہدری نثار دوستی نبھانے کی کو شش نہیں کر تے ۔