یہودی آباد کاری پرپابندیوں کیلئے اسرائیل پر دبائو ڈالا جائے:عرب لیگ

Dec 26, 2016

ریاض(صباح نیوز) عرب لیگ نے سلامتی کونسل کی جانب سے فلسطین میں غیر قانونی یہودی بستیوں کے قیام کا سلسلہ روکے جانے کے حوالے سے منظور کردہ قرارداد کا خیر مقدم کیا ہے۔یہودی آباد کاری پرپابندیوں کے لیے اسرائیل پر دبائو ڈالا جائے۔وقت نے اس بار پھر ثابت کیا کہ فلسطینی عرب شہروں میں یہودیوں کو آباد کرنے کا اسرائیلی حربہ غیرقانونی ہے۔ عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیط نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سلامتی کونسل کی تاریخی قرارداد سے فلسطینی قوم کی آزادی کے لیے جدو جہد کو عالمی برادری کی جانب سے نیا تعاون اور مدد ملے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ سلامتی کونسل میں فلسطین میں یہودی بستیوں کے خلاف قرارداد کی کثرت رائے سے منظوری سے یہ واضح ہوگیا ہے کہ پوری عالمی برادری فلسطینیوں کو ان کے دیرینہ حقوق فراہم کرنے کے لیے ہم آواز ہے۔ یہ قرارداد آزاد فلسطینی ریاست کے قیام اور بیت المقدس کو اس کا دارالحکومت بنائے جانے کی جدو جہد کو آگے بڑھانے میں اہم سنگ میل ثابت ہوسکتی ہے۔ابو الغیط نے کہا کہ وقت نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ فلسطینی عرب شہروں میں یہودیوں کو آباد کرنے کا اسرائیلی حربہ غیرقانونی ہے۔

مزیدخبریں