پارلیمنٹ کا بھی احترام کیا جائے، ’’بابے‘‘ بھی بابوں کی طرح پیش آئیں: سعد رفیق

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اتحاد‘ ایمان اور تنظیم پر عمل ہی عافیت کا راستہ ہے قائد کے پاکستان کو آمرانہ سوچ اور انتہا پسندانہ رویوں سے پاک کرنا ہوگا۔ پاکستانیوں کیلئے اہم دن ہے کیونکہ آج قائداعظم کا یوم ولادت ہے اور نواز شریف کا بھی آج یوم ولادت ہے، مسلم لیگ ن اسی عظیم مقصد کیلئے جدوجہد کر رہی ہے، تین بار نواز شریف کو عوام نے اقتدار دلوایا اور تینوں بار فیصلوں کا مذاق اڑایا گیا۔ ایک دوسرے کے گریبان پر ہاتھ ڈالنے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا بلکہ تلخی بڑھے گی۔ عدلیہ کا کام فیصلے کرنا ہے، بات کریں گے تو مسائل پیدا ہوں گے، چند افراد کے فیصلے سے ملک کی تقدیر نہیں بدلے گی، ہم محاذ آرائی نہیں کرنا چاہتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن لاہور کے زیر اہتمام بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے 141ویں جبکہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی 68ویں سالگرہ کے حوالے سے لاہور پارٹی دفتر میں تقریب سے خطاب میں کیا۔ خواجہ احمد حسان، خواجہ عمران نذیر، مبشر جاوید، وحید عالم رانا مبشر، غزالی سلیم بٹ، میاں نصیر سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔ یٰسین سوہل، سہیل شوکت بٹ، رمضان صدیق بھٹی، ماجد ظہور، رانا احسن شرافت، فرزانہ بٹ، شہزادی کبیر، رخسانہ کوکب، کنول لیاقت، زرقا جاوید، نسیم بانو، سمیر امجد، ثمرہ نذیر، تنویر ضیا بٹ، زکریا بٹ، علی عدنان، لاہور چیئرمین وائس چیئرمین اور کونسلرز اور کارکنوں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ سعد رفیق نے کہا کہ ہم عدلیہ کا احترام کرتے ہیں، پاکستان میں ایک سے بڑھ کر ایک قابل جج موجود ہے، یہ بابے ہیں اور بابوں کی عزت نہ کرنے والا معاشرہ آگے نہیں بڑھ سکتا۔ بابوں کو بھی چاہئے کہ وہ بابوں کی طرح پیش آئیں، ہم محاذ آرائی کی سیاست نہیں کرتے ہمارے خلاف منفی پروپیگنڈا بند کیا جائے، کسی فیصلے پر بات کرنا ہمارا بنیادی حق ہے اور نواز شریف کے خلاف فیصلے نے تو جمہوریت کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ ہم نے عدلیہ بحالی کے لئے کوشش کی اور جان ہتھیلی پر رکھ کر گھروں سے نکلے، اگر اس وقت ہم گوجرانوالہ سے گجرات چلے جاتے تو پنجاب حکومت بھی بحال ہوجاتی لیکن ساری قوم گواہ ہے ہم نے اپنے مینڈیٹ سے کبھی تجاوز نہیں کیا۔ ہمیں کام کرنے دیا جاتا تو 4سالوں میں 20سالوں جتنا کام کرتے، اگر ہمیں دوبارہ موقع دیا گیا تو پہلے سے بھی زیادی سپیڈ سے کام کریں گے۔ خواجہ احمد حسان نے کہا کہ ہمارے قائد میاں نواز شریف نے اپنی ٹیم میاں شہباز شریف ،میاں حمزہ شہباز اور دیگر کے ساتھ ملکر ملک کو اندھیروں سے نکال کر روشنیوں میں داخل کیا۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ تمام پاکستانیوں کے دل میاں نواز شریف کے ساتھ دھڑکتے ہیں، کے پی کے میں دودھ کی نہریں بہا نے والے ایک میگا واٹ بجلی نہیں بنا سکے۔ تقریب کے اختتام پر چالیس چالیس پائونڈکے بانی پاکستان محمد علی جناح ، سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف اورکرسمس کے علیحدہ علیحدہ کیک بھی کاٹے گئے۔سعد رفیق نے کہا کہ بابوں کا احترام ہے لیکن پارلیمنٹ کا بھی احترام کیا جائے، پہرے نہ دیں عوام کو فیصلہ کرنے دیں، سانحہ مشرقی پاکستان سے سبق نہیں سیکھا، محاذ آرائی کا پروپیگنڈا بند کیا جائے، تنقید کا حق ہے۔

ای پیپر دی نیشن