بہاولنگر+ ہارون آباد+ جڑانوالہ+رائے ونڈ (نامہ نگاران+ نمائندہ نوائے وقت) ٹریفک حادثات میں باپ بیٹا اور 4 باراتیوں سمیت 8 افراد جاں بحق‘ مشتعل مظاہرین نے بس کو آگ لگا دی ۔ ہارون آباد روڈ پر بارات کی گاڑی اور مسافر بس میں تصادم، چار افراد موقع پر جاں بحق، بس ڈرائیور موقع سے فرار، اہل علاقہ کا نجی بس سروس کیخلاف شدید احتجاج مشتعل افراد نے بس کو آگ لگا دی‘ پولیس نے موقع پر پہنچ کو نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے مقامی ہسپتال منتقل کر کے کا روائی شروع کر دی۔ تفصیلات کے مطابق نواحی گائوں گلاب علی کے رائو ناصر کے بھتیجے کی بارات ٹبہ سلطان پور ملتان جانے کے لئے روانہ ہوئی تو ہارون آباد روڈ پر کھاٹاں کے قریب فیصل آباد سے ہارون آباد آنے والی تیز رفتار مسافر بس نے موڑ کاٹتے بے قابو ہو کر مخالف سمیت سے آتی کار کو کچل ڈالا جس کے نتیجے میں کار میں سوار چار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے‘ ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر بس کے نیچے دبی کار سے نعشوں کا نکالا اور زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ہارون آباد منتقل کر دیا۔ بس کا ڈرائیور موقع سے فرارہو گیا۔ اہل علاقہ اور باراتیوں نے نجی بس سروس کے خلاف شدید احتجاج کرتے روڈ بلاک کر دیا۔ احتجاجی مظاہرین نے بس کو آگ بھی لگا دی۔ پولیس اور اسسٹنٹ کمشنر ہارون آباد انجم زہرا نے موقع پر پہنچ کر مشتعل افراد سے مذاکرات کر کے احتجاج کو ختم کروایا۔ پولیس نے نعشوں اور پوسٹمارٹم کے لئے مقامی ہسپتال منتقل کر کے کارروائی شروع کر دی۔ ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں دولہا کے چچا رائو ناصر، دادا رائو سلیم ان کا قریبی عزیز رائو ہوشیار اور ڈرائیور شاہد شامل ہیں۔ جڑانوالہ میں سابقہ ممبر ضلع کونسل چودھری ذکاء اللہ کا جواں سالہ بیٹا 2سمیت ٹریفک حادثہ میں جاں بحق‘ دونوں نوجوان موٹرسائیکل پر سوارگائوں 65گ ب سے فیصل آباد کی طرف جا رہے تھے کہ اڈا ورکشاپ پر جانور کو بچاتے موٹر سائیکل بے قابو ہونے سے الٹ گیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق ممبر ضلع کونسل چودھری ذکاء اللہ کا جواں سالہ بیٹا صائم جو کہ ایف اے کا طالب علم ہے اپنے دوست حافظ عمر اشرف اپنے گائوں چک نمبر 65گ ب سے موٹر سائیکل پر سوار ہو کر فیصل آباد جا رہا تھا کہ اڈا ورکشاپ سڑک پر جانور کو بچاتے ہوئے موٹر سائیکل بے قابو ہو گیا۔ جس سے محمد صائم اور اس کا دوست عمر اشرف شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے فیصل آباد ہسپتال منتقل کیا گیا تھا کہ جہاں زخموں کی تاب نہ ہوتے ہوئے جانبر نہ ہوسکے۔ محمد صائم سابقہ صوبائی وزیر پنجاب چودھری ظہیر الدین ، ضلعی صدر تحریک انصاف چودھری علی اختر کا بھتیجا ہے۔ مرحوم کو چک نمبر 65گ ب میں سینکڑوں سوگواران کی موجودگی میں سپرد خاک کیاگیا۔ مرحوم کی نماز جنازہ میں ہر مکتبہ فکر کے سینکڑوں افراد نے شرکت کی اور ان کے بلند درجات کے دعائے مغفرت کی ۔ رائے ونڈ میں ریت سے لدی تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے نوجوان فیکٹری ملازموں کو ٹائیروں تلے کچل کر ہلاک کرڈالا ، راجہ جنگ کا رہائشی 32سالہ امتیاز ولد انور اور اسلم ولد حاکم ساتھی محمد سلیم کیساتھ موٹر سائیکل پر فیکٹری جارہے تھے کہ حولی چھجواں والی مانگا روڈ کے قریب پیچھے سے آنے والی ریت سے بھری تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی ان پر چڑھ گئی جس کے نتیجہ میں امتیاز اور اسلم ٹائروں تلے کچلے جانے سے موقع پر ہی دم توڑ گئے ان کا تیسرا ساتھی محمد سلیم شدید زخمی ہوگیا جس کو مقامی سوشل سکیورٹی ہسپتال پہنچادیا گیا ،جہاں تاحال اس کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے ،پولیس تھانہ سٹی نے نعشوں کو تحویل میں لینے کے بعد ورثاء کے پہنچنے پر ان کے سپرد کردیا ،ٹریکٹر ٹرالی کا ڈرائیور فرار ہوگیا ‘حادثہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثاء کی طرف سے درخواست پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔