ٹیکسٹائل ملز نے 23 لاکھ گانٹھوں کے درآمدی معاہدے کر لیے

Dec 26, 2017

کراچی(این این آئی)مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتہ کے دوران روئی کے بھا ئومیں مجموعی طورپر استحکام رہا۔ ٹیکسٹائل و اسپننگ ملز اعلی کوالٹی کی روئی میں دلچسپی لے رہے ہیں جبکہ اس بھائو پر جنرز بھی روئی کا اسٹاک کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کیوں کہ روئی کا بھائو فی من 7500 روپے کے بھائو پر مستحکم نظر آرہا ہے۔ اس کے زیادہ بھائو ملوں کے لئے بے وارہ ہوجاتا ہے اور درآمدی روئی کے بھائو سے بھی اوپر چلا جاتا ہے اس وجہ سے ملز بھائو زیادہ بڑھانے سے اجتناب کرتے ہیں صوبہ سندھ میں روئی کا بھائو فی من 6300 تا 7500 روپے جبکہ صوبہ پنجاب میں روئی کا بھائو فی من 6400 تا 7500 روپے دونوں صوبوں میں پھٹی کا بھائو فی 40 کلو 2700 تا 3500 روپے رہا۔ کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کی اسپاٹ ریٹ کمیٹی نے اسپاٹ ریٹ فی من 7000 روپے کے بھائو پر مستحکم رکھا ہے۔کراچی کاٹن بروکرز فورم کے چیئرمین نسیم عثمان نے بتایا کہ ملک میں دن بدن اعلی کوالٹی کی روئی کا اسٹاک کم ہوتا جا رہا ہے۔ دوسری جانب بھارت سے روئی کی درآمد بھی مشکل ہوتی جا رہی ہے جبکہ بین الاقوامی کاٹن مارکیٹوں میں تیزی کا عنصر غالب ہے نیویارک کاٹن کا بھائو فی پائونڈ78 امریکن سینٹ کی اونچی سطح پر پہنچ گیا ہے۔

مزیدخبریں