قائداعظم کے افکار پر عمل ہوتا توملک میں انار کی اور بدامنی نہ ہوتی: پیر اعجاز ہاشمی

لاہور( خصوصی نامہ نگار) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے افکار پر عمل کیا ہوتا تو ملک میں انارکی اور بدامنی کا راج نہ ہوتا۔ ایک تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ قائداعظم کے طرز سیاست سے ہم اتحاد و وحدت کی فضا قائم کرکے پارلیمنٹ کو مضبوط بناسکتے تھے اور آج ہجوم کی بجائے ایک قوم ہوتی۔ مگر افسوس ایسا نہ ہوسکا ۔قائد اعظم نے مذہب و مسلک اور علاقائی تعصبات سے پاک پاکستان کا خوا ب دیکھا تھا مگر افسوس آج ہم شیعہ سنی وہابی دیوبندی اور اہل حدیث ، پنجاب ، پٹھان، سرائیکی، سندھی بلوچی اور اردو بولنے والوں میں تقسیم ہوکر اپنا قومی تشخص کھوتے جارہے ہیں۔ انہی تعصبات کی بنیاد پر آج دشمن کے ایجنڈے کو پورا کرنے والوں نے فرقہ وارانہ اور قومیت کے نام پر دہشت گرد تنظیموںکی تشکیل کی۔

ای پیپر دی نیشن