کراچی (نیوزرپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سمیع الدین صدیقی نے کہا ہے کہ کے ڈی اے کھلاڑی قومی ٹیم میں منتخب ہوکرعالمی ہاکی میں پاکستان کھویا ہوا مقام حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ وہ گلشن اقبال میں واقع کراچی ہاکی ایسوسی ایشن گرائونڈ میں جاری ہاکی ٹریننگ وفٹنس کیمپ کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ٹریننگ و فٹنس کیمپ کا انعقاد کراچی ہاکی ایسوسی ایشن نے کیا ہے۔ سمیع الدین صدیقی نے کیمپ میں موجود کھلاڑیوں کی فٹنس اور ٹریننگ کا جائزہ لیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ عدنان ذاکر کی کوچنگ میں کھلاڑیوں کے کھیل میں نکھار لانے میں کافی مددگار ثابت ہوگی، بلاشبہ کھلاڑی عدنان ذاکر کی نگرانی میں کھیل کے میدان میں نمایاں مقام حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ادارہ ترقیات شہر بھر میں کھیل کے میدان آباد کرنے کے لئے عملی اقدامات کررہا ہے، متعدد گرائونڈز آباد کئے جاچکے ہیں جہاں روزانہ کی بنیاد پر کھیلوں کی سرگرمیاں جاری ہیں، کھلاڑیوں کو جدید طرز پر مشتمل تربیت فراہم کرنے کے لئے حکمت عملی تیار کی جارہی ہے، جلد ہی جدید مشینری و ضروری آلات کے ذریعے کھلاڑیوں کو ٹیکنیکل و بنیادی سہولیات میسر آئیں گی۔ ادارہ نے سابق اولمپیئن حنیف خان، سمیع اللہ اور نامور کھلاڑیوں کی خدمات حاصل کی ہیں، کے ڈی اے ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے کھیل میں کافی بہتری آئی ہے۔جاری تربیتی کیمپ میں سابق اولمپیئن حنیف خان، عدنان ذاکر، سیکریٹری کراچی ہاکی ایسوسی ایشن حیدر و دیگر افراد بھی موجود تھے۔
کے ڈی اے کھلاڑی قومی ٹیم میں منتخب ہوکرعالمی ہاکی میں کردار ادا کریں
Dec 26, 2018