لاہور (احسان شوکت سے) پیپلز پارٹی نے آصف زرداری کی کرپشن کیسز میں ممکنہ گرفتاری کی خدشات کے پیش نظر اب مفاہمت یا خاموشی کی بجائے تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف فرنٹ فٹ پر کھیلنے کا فیصلہ کر لیا۔ سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو شہید کی کل 27 دسمبر کو گیارہویں برسی کے موقع پر ذوالفقار علی بھٹو کی بیٹی صنم بھٹو کی پارٹی میں واپسی کے خطاب سے جیالوں کا خون گرمانے اور حکومت مخالف تحریک چلانے کا لائحہ عمل تیار کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کی طرف سے بنائی گئی جے آئی ٹی کی رپورٹ میں آصف زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور پر منی لانڈرنگ کے ذمہ دار ٹھرائے جانے، ایف آئی اے کی جانب سے زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے اور کرپشن کیس میں نیب تحقیقات پر آصف زرداری کی گرفتاری کے خدشات کے پیش نظر پاکستان پیپلز پازٹی نے حکومت کے خلاف جارحانہ رویہ اختیار رکھنے کا لائحہ عمل تیار کیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی قیادت کی حکمت عملی کے مطابق تحریک انصاف کی حکومت پر دباؤ ڈالنے کیلئے اب انہیں ٹف ٹائم دینے کیلئے حکومت مخالف بیان بازی، مختلف جماعتوں سے رابطے کرکے حکومت مخالف تحریک شروع کی جائے گی۔ پیپلز پارٹی کے کارکنوں کو متحرک کرنے کیلئے سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو شہید کی کل جمعرات 27 دسمبر کو گیارہویں برسی پر ذوالفقار علی بھٹو کی بیٹی صنم بھٹو کو بطور ہتھیار استعمال کرتے ان کے خطاب سے جیالوں کا خون گرمانے اور سندھ کارڈ استعمال کرنے کا لائحہ عمل تیار کر لیا۔