قندھار(نیشن رپورٹ+آئی این پی)کراچی میں چینی قونصل خانے پر دہشت گرد حملے کا ماسٹر مائنڈ اور پاکستان میں دہشت گردی پھیلانے میں ملوث اسلم اچھو افغانستان میں پانچ ساتھیوں سمیت مارا گیا۔ قندھار میں اس کی رہائش گاہ پر ہونے والے بم دھماکے میں یہ ہلاکتیں ہوئیں ۔ چینی قونصل خانے پر حملے کا ماسٹر مائنڈاسلم اچھو افغانستان میں 6 ساتھیوں سمیت مارا گیا ۔ ہلاک ہونیوالوں میں تاجو مری ، رحیم مری اور اسلم اچھو کے چار محافظ شامل ہیں ۔ میڈیا رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا کہ قندھار میں رہائش گاہ پرخود کش حملے میں یہ شدید زخمی ہوگیا جس کے بعد اسے ساتھیوں سمیت ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسکی ہلاکت ہوئی۔ اسلم اچھو چند ماہ قبل بلوچستان آپریشن کے دوران زخمی ہو کر افغانستان سے بھارت چلا گیا تھا اور وہاں نئی دہلی کے میکس ہسپتال میں زیر علاج رہا جہاں بھارتی سیکیورٹی فورسز کی نگرانی میں اس کا مکمل علاج کرایا گیا اور وہ وہاں صحت یاب ہوا، پھر افغانستان پہنچ گیا۔ اسلم اچھو افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان سے دہشت گردی کا نیٹ ورک چلا رہا تھا۔دریں اثنا اوورسیز پاکستانی بلوچ یونٹی کے سربراہ جمعہ خاں مری نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ اسلم بلوچ عرف اچھو قندھار میں 6 ساتھیوں خودکش حملے میں مارا گیا۔
چینی قونصل خانے پر د ہشت گرد حملے کا ماسٹر مائنڈ افغانستان میں ہلاک
Dec 26, 2018