اسلامی شعار اور اقدار کا خیال رکھنا حکومت کی اوّلین ترجیح ہے: :سپیکر قومی اسمبلی

Dec 26, 2018

اسلام آباد (آئی این پی) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ اسلامی شعار اور اقدار کا خیال رکھنا حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔ حج و عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والے زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں جبکہ وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا کہ سعودی حکام پاکستانیوں کو حرمین شریفین میں خصوصی رعایات دینے کیلئے پر عزم ہیں ،علماء اور مشائخ پاکستان کو مدینے کی ریاست میں ڈھالنے کیلئے اپنا کردار ادا کریںگے۔ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات جس میں پارلیمانی امور سمیت اہم ایشوز سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا مدینے کی ریاست کا مقصد ہی ملک و قوم کی بقاء ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا حجاز مقدس میں زائرین کی رہائش اور مناسک حج کی دوران سعودی حکام سے بات چیت کی جائے،مذہبی رواداری اور دوسرے مذاہب کا احترام کرنااسلام کا اہم جزو ہے۔ اس موقع پر وزیر مذہبی امور نے سپیکر کو حج و عمرہ کے حوالے سے کیے جانے والے ضروری اقدامات کے متعلق آگاہ کیا۔

مزیدخبریں