بلدیاتی نظام جتنا مضبوط ہوگا عوام کو اتنا ہی فائدہ مند ہوگا: وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ(بیورو رپورٹ)وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ ہم اختیارات کی عدم مرکزیت پر یقین رکھتے ہوئے انہیں ڈویژن اور ضلع کی سطح پر منتقل کررہے ہیں تاکہ نچلی سطح تک عوام کو ترقیات منصوبوں کے ثمرات مل سکیں اور انکے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں، بلدیاتی نظام بھی ایسا ہو جس کا فائدہ عوام کو پہنچے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی چیئرمینوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفد نے وزیراعلیٰ کو اعزازیہ کی مد میں واجبات کی ادائیگی اور غیر ترقیاتی فنڈز کے اجراء سمیت بعض دیگر مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ موجودہ بلدیاتی اداروں کی مدت 28جنوری 2019ء کو ختم ہوگی تاہم ان مدات میں فنڈز کی عدم ادائیگی کے باعث بلدیاتی اداروں پر مالی بوجھ ہے، وزیراعلیٰ نے اس حوالے سے اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہاکہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترامیم کیلئے قائم کمیٹی میں موجودہ بلدیاتی نمائندوں کو بھی نمائندگی دینے پر غورکیاجائیگا تاکہ ان کے تجربات سے استفادہ کیا جاسکے، انہوں نے کہا کہ مالی اورانتظامی طور پر بااختیار بلدیاتی ادارے عوامی مسائل کے حل میں کارآمد ثابت ہوسکتے ہیں۔ بلدیاتی نظام جتنا مضبوط ہوگا عوام کو اتنا ہی فائدہ مند ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن