نیویارک( آن لائن ) ترک وزیر خارجہ مولود جاویش اوغلو نے کہا ہے کہ ترکی اور دیگر ممالک سعودی صحافی جمال خشوگی کے قتل کی تحقیقات کے لیے اقوامِ متحدہ سے رجوع کریں گے۔ ترک وزیر خارجہ نے یہ بات تیونس کے دورے کے موقع پر اپنے تیونسی ہم منصب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔مولود جاویش اوغلو نے سعودی عرب سے بھی مطالبہ کیا کہ صحافی کے قتل کے حوالے سے کی گئی اپنی تحقیقات سے بین الاقوامی برادری کو بھی آگاہ کرے۔واضح رہے کہ اقوامِ متحدہ کی جانب سے قتل کی تفتیش کی صرف ایک ہی مثال موجود ہے جس میں 27 دسمبر 2007 کو راولپنڈی میں ایک قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہونے والی سابق پاکستانی وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے قتل کی تحقیقات کی گئیں تھیں۔ اس وقت پاکستان نے اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون سے بے نظیر قتل کی تفتیش کے لیے باضابطہ طور پر درخواست کی تھی۔