پی ٹی آئی نے ملک کومہنگائی اوربے روزگاری میں ڈبو دیا : پی ڈی پی

Dec 26, 2019

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد اور جنرل سیکریٹری سردار ذوالفقار نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے قائد اعظمؒ کا پاکستان مہنگائی اوربے روزگاری میں ڈبو دیا ہے۔ ملک میں عوامی نہیں قصائی حکومت ہے جو روز انہ مہنگائی اور بے روزگاری کے پہاڑ گراکر عوام کی خواہشات کو ذبح کررہی ہے اورانہیں حقوق سے محروم کررہی ہے ۔ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی ہی عوام کو انصاف ،حقوق ،روزگار فراہم کرے گی اور مہنگائی سے نجات دلا ئے گی ۔پی ڈی پی نے مہنگائی کے خلاف جو مہم شروع کررکھی ہے اُس کے زیر اہتمام مہنگائی کنونشن کے دوسرے مرحلے کا جلسہ 5جنوری 2020بروز اتوار، ضلع کورنگی میں ہوگا ۔ وہ گذشتہ روز ضلع کورنگی کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر پی ڈی پی کراچی کے نائب صدر محمد حامد صدیقی ، ضلع کورنگی کے صدر کلیم اللہ ملک ،سینئر نائب صدر محمد زبیر ،سردار جاوید،جنر ل سیکریٹری عمیر صدیقی ،رابطہ سیکریٹری طارق انجم، جوائنٹ سیکریٹری منورشیخ اور انفارمیشن سیکریٹری مطلوب خان بھی موجود تھے ۔ پاسبان رہنمائوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت آئی ہے مگر اپنے ساتھ مہنگائی اور بے روزگاری بڑھانے کی منصوبہ بندی بھی لائی ہے ۔نااہل معاشی ماہرین کی ٹیم غریبوں کے لئے کچھ نہیں کرسکتی ۔ مہنگائی کے خاتمے کی اسکیمیں ڈرامہ ہیں ۔ عوام کو بیوقوف نہیں بنایا جاسکتا ۔ پوری قوم اس وقت مہنگائی کی بدترین دلدل میں پس رہی ہے اور حکمران ایوانوں میں بے فکری سے مزے لے رہے ہیں ۔پاسبان رہنمائوں نے پاسبان ورکرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں مہنگائی کے خلاف جاری مہم میں متاثرہ شہریوں کو بھی شامل کریں اور رابطہ مہم چلائیں ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت عوام کو روزگار دے نہیں رہی اور جو شہری اپنی اپنی علاقائی مارکیٹوں میں اشیاء بیچ کر اپنے بچوں کی کفالت کررہے ہیں ان سے بھی روزگار چھین کر نہ صرف ان شہریوں سے ان کی خوشیاں بلکہ ان خاندانوں سے روٹی کا نوالہ اور ان کے بچوں کی تعلیم بھی چھین کر مستقبل کو تاریک کررہی ہے ۔ پی ٹی آئی میں شامل ان کے ورکرز اور علاقائی ذمہ داران بھی حکومتی اقدامات کی وجہ سے اپنے اپنے حلقوں میں منہ چھپانے پرمجبور ہوگئے ہیں ۔ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی ہر طبقہ سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی ایک بڑی سیاسی جماعت ہے جو صرف خدمت پرہی یقین رکھتی ہے ۔

مزیدخبریں