کراچی (اسٹاف رپورٹر)جمعیت اہلحدیث پاکستان کے زیر اہتمام ایک سیمیناربعنوان "قیام پاکستان کے مقاصد ؟"مقامی ہال میں منعقد ہوا جس سے مہمان خصوصی مولانا اختر محمدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظمؒ کی تمام تر جدوجہد کا مقصد اسلامی فلاحی مملکت کا قیام تھاجس میں تمام تر قوانین اسلامی تعلیمات کی روشنی میں مرتب کر کے ان کا نفاذ کیا جائے ۔ موجودہ پاکستان میں جاری نظام اور قوانین انگریز کے بنائے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے ملک پاکستان اور عوام الناس آج تک مشکلات و مسائل کا شکار ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے استحکام پاکستان کے لئے قیام پاکستان کے
مقاصد پر من و عن عمل کیا جائے ۔ چیف آرگنائزر مولانا محمد یوسف سلفی نے کہا کہ قائد کے پاکستان میں سیکولر ازم کی کوئی گنجا ئش نہیں ۔موجودہ پاکستان میں اقلیتوں کو مسلمانوں سے زیاہ حقوق حاصل ہیں ہمارے اسلا ف نے نظام قر آن و حدیث کے لئے قربانیاں دی تھیں جس سے انحراف قبول نہیں ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک میں نفاذ قر آن و حدیث کے لئے تحریک پاکستان کی طرح جدوجہد کی جائے ۔ اہلحدیث یوتھ فورس کے ناظم حافظ محمد حنیف سلفی نے کہا کہ قیام پاکستان کی تحریک میں نوجوانوں نے ہر اول دستے کا کردار ادا کیا تھا ہم آج پھر سے یہ عزم کرتے ہیں کہ ملک میں نفاذ قر آن و حدیث کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ ایک قرارداد کے ذریعے ملک میں جاری نظام پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ انگریز کے بنائے گئے کالے قوانین کو فی الفور ختم کر کے قر آن و حدیث کی تعلیمات پر مبنی عادلانہ نظام رائج کیا جائے ۔