قائداعظم نے فہم وفراست اور عزم صمیم سے ہندو اور انگریز کو شکست دی:مہنازرفیع

Dec 26, 2019

لاہور(لیڈی رپورٹر) خواتین نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بابائے قومؒ کردار کے ایسے بلند مقام پر فائز تھے کہ مغرب و مشرق میں کوئی ثانی نہیں ہے، انؒ کی فہم و فراست اور عزم صمیم نے انگریز اور ہندو کو شکست دیدی ، انہوںنے جمہوری جدوجہد کے ذریعے علیحدہ وطن اور برصغیر کے مسلمانوں نے قومی شناخت حاصل کی،ورنہ آج مسلمان ایک اقلیت کی حیثیت سے برصغیر میں زندگی گذار رہے ہوتے مگر آج کا پاکستان ویسا پاکستان نہیں ہے جس کا تصور ہمیں علامہ محمد اقبال نے دیا اور قائداعظم و مادرملت محترمہ فاطمہ جناح نے اپنی زندگی وقف کر کے اسے حقیقت بنایا،معمار نوائے وقت محترم مجید نظامی مرحوم نے نظریۂ پاکستان کی ترویج و اشاعت کیلئے اپنی زندگی وقف کر رکھی تھی جو ناقابل فراموش ہے۔ گزشتہ روز نوائے وقت سے گفتگومیں نظریہ پاکستان ٹرسٹ شعبہ خواتین کی کنوینر مہناز رفیع نے کہاکہ قائداعظمؒ کی کاوشوں سے ہمیں آزاد وطن ملا۔آج ہمیں ملکی تعمیر و ترقی کیلئے اچھے کردار کا مظاہرہ کرنا ہو گا ۔سچائی ، عزت و احترام، ذمہ داری،انصاف پسندی اور باہمی ہمدردی اچھے کردار کی اہم خصوصیات ہیں۔پروفیسر ڈاکٹر پروین خان نے کہا کہ آج اس عظیم قائد کا یوم پیدائش ہے جس نے مسلمانان برصغیر کو غلامی سے نجات دلائی ۔

مزیدخبریں