اسلام آباد(نیوز رپورٹر) وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایک مثالی ملک بنائیں گے، موجودہ دور میں درپیش مشکلات کا سامنا کر کے ہمیں آگے بڑھنا ہے، فرقہ واریت اور شدت پسندی جیسے ملک دشمن عناصر سے چھٹکارا حاصل کر کے ایک متحد اور یکجا قوم بن کر آگے بڑھنا ہے، آج کے دن ہمیں قائد کے پیغام کو نہ صرف یاد رکھنا ہے بلکہ اس پر عمل پیرا ہو نے کا عزم بھی کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یوم قائد کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کے یوم پیدائش پر ہم اس عزم کا عہد کرتے ہیں کہ اس ملک کو ایک مثالی ملک بنائیں گے۔ پاکستان کی ترقی میں ہماری ترقی ہے ہمیں بحیثیت قوم آگے بڑھنا ہے اور اندرونی و بیرونی خطرات کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہے۔ آج کے دن ایمان اتحاد اور تنظیم کے اصولوں پر عمل پیرا ہوتے ہوئے منظم طریقے سے ترقی کی منازل طے کرنے کا عہد کرتے ہیں۔ اگر پوری قوم یکجا ہو اور ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرے تو قائد اعظم کے الفاظ کے مطابق دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ختم نہیں کر سکتی۔