ریاض (این این آئی)سعودی عرب کی وزارتی کونسل نے اس بات پر زوردیا ہے کہ صرف اسلامی تعاون تنظیم (اوآئی سی) ہی کو اسلامی دنیا کی متحدہ آواز کے طور پر کردار ادا کرنا چاہیے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی کابینہ کا اجلاس شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیرِ صدارت ہوا۔ شاہ سلمان نے او آئی سی کی 1969ء میں قیام کے بعد سے مشترکہ اسلامی لائحہ عمل کو مضبوط بنانے کے لیے کوششوں پر زوردیا ۔کابینہ نے اپنے بیان میں کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کے صدر دفاتر اور اس کے رکن ممالک کی میزبانی مملکت کے لیے ایک اعزاز ہے تاکہ اسلامی اقوام کے مفادات کے حصول کو یقینی بنایا جاسکے۔سعودی کابینہ کے اجلاس میں او آئی سی سے متعلق امورکے علاوہ ویژن 2030ء کے اہداف کے حصول کے لیے اقدامات پر بھی غور کیا گیا ہے اور کابینہ نے سعودی عرب کے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ اقتصادی اصلاحات کے عمل کو جاری رکھا جائے گا۔