پاکستان میں طویل دورانیے کا سورج گرہن،مساجد میں نماز کسوف کااہتمام

Dec 26, 2019 | 12:48

ویب ڈیسک

پاکستان کے متعدد شہروں میں سورج گرہن دیکھا گیا  جس کورنگ آف لائٹ کا نام دیا گیا  ،مساجد میں سورج گرہن کے دوران  نماز کسوف   ادا کی گئی  ۔پاکستان میں بیس سال بعد مکمل سورج گرہن دیکھا   گیا ۔ آخری بار ایسا 11 اگست 1999 کو ہوا تھا جب شام پانچ بج کر 26 منٹ پر کراچی اور ملحقہ علاقوں میں مکمل سورج گرہن ہوا تھا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق   سورج  گرہن   پاکستان میں آغاز کراچی سے صبح 7 بج کر 37 منٹ پر ہوا، کراچی میں 8 بج کر 58 منٹ پرسورج گرہن کو واضح طور پردیکھا گیا، شہر قائد میں سورج گرہن کا دورانیہ 2 گھنٹے اور 32 منٹ پر مشتمل تھا، حیرت انگیز نظارہ 2 گھنٹے 40 منٹ تک جاری رہا۔ اسلام آباد، لاہور، پشاور اور دیگر حصوں میں بھی سورج گرہن     دیکھا گیا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں 10 بج کر 15 منٹ تک سورج گرہن کا نظارہ کیا  گیا،  لاہور میں 10 بج کر 19 منٹ تک سورج گرہن رہا ۔کوئٹہ میں سورج گرہن  دیکھا گیا   جس سے روشنی آہستہ آہستہ کم ہونا شروع ہو گئی  ۔ سورج گرہن کے باعث چند شہروں میں جزوی اندھیرا چھا گیا۔کراچی کی مساجد میں نماز کسوف کا اہتمام کیا گیا۔ گلشن اقبال بلاک 13 کی مسجد بیت الاسلام میں بھی نماز کسوف ادا کی گئی۔ نماز کے بعد شہریوں نے استغفارکیا اور خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔سورج گرہن کے موقع پرکوئٹہ میں مساجد اور گھروں میں خصوصی نوافل ادا کرنے کا بھی خصوصی انتظامات کیے گئے۔ سورج  گرہن کے دوران سورج سے خطرناک شعائیں نکلنے کے باعث ماہرین نے سورج گرہن کو دیکھنے کے لیے مخصوص چشمہ یا ایکسرے فلم استعمال کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

مزیدخبریں