ضلع بدین میں گونی کینال کے اطراف تجاوزات کے خاتمے کی مہم کے دوران بے گھر ہونے والے مکینوں کو آبادکاری کے لیے صوبائی وزیر زراعت نے اپنی زرعی زمین پر رہنے کی پیشکش کردی اور امدادی اشیاء بھی تقسیم کیں۔صوبائی وزیر زراعت اسماعیل راہو نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مکینوں کو متبادل اراضی کی فراہمی سندھ حکومت کی ترجیح ہے، تجاوزات کے سبب مسائل پیدا ہوتے ہیں اور خاتمے کی مہم عدالت کے حکم پر چلائی جا رہی ہے۔اسماعیل راہو نے کہا کہ مکینوں سے براہ راست مل کر ان کے مسائل معلوم کررہے ہیں اور ہر ممکن مدد کی جائے گی جبکہ متبادل کی فراہمی تک متاثرین ان کی زرعی اراضی پر رہ سکتے ہیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے مکینوں میں کمبل، خیمے، گرم کپڑے اور راشن بھی تقسیم کیا۔