2020ء ہاکی کیلئے مایوس کن،ایک میچ بھی نہ ہو سکا،2سابق کپتانوں کا انتقال

Dec 26, 2020

لاہور (چودھری اشرف) پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کے لیے 2020ء کا سال انتہائی مایوس کن رہا، پورے سال میں پاکستان کی سینئر اور جونیئر ٹیم ایک بھی انٹرنیشنل میچ نہ کھیل سکی۔ دو سابق کپتان اسد ملک ٹریفک حادثہ میں جبکہ عبدالرشید جونیئر علالت کے باعث انتقال کر گئے۔ پورے سال میں پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ڈومیسٹک سطح پر تین ٹورنامنٹس کا انعقاد کرایا جس میں 8 سال بعد ٹرے ہاکی چیمپیئن شپ کا لاہور میں انعقاد کیا گیا جس میں پنجاب کی ٹیم فاتح رہی۔ دو سال کے وقفہ کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن کی انتظامیہ نے نیشنل ہاکی چیمپیئن شپ کا راولپنڈی میں انعقاد کرایا جس میں واپڈا کی ٹیم نے چیمپیئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ تیسرا ٹورنامنٹ انڈر 16 ہاکی ٹورنامنٹ کا پشاور میں انعقاد کیا گیا جس میں پنجاب کی دو ٹیموں کے درمیان فائنل میچ کھیلا گیا۔ کرونا وائرس وبا کی بنا پر دنیا بھر میں ہاکی کی سرگرمیاں بری طرح متائر ہوئیں۔ جونیئر ایشیا کپ سمیت اذلان شاہ کپ اور ایشین چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ ملتوی ہوئے۔ گذشتہ چند سال سے حکومت کی جانب سے پاکستان ہاکی فیڈریشن اور قومی کھیل کو نظر انداز کیے جانے کے بعد موجودہ حکومت کے وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کے ساتھ پی ایچ ایف کی نہ صرف ملاقات ہوئی بلکہ قومی کھیل کی ترقی کے لیے حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرانے کے ساتھ ساتھ آرمی چیف کی جانب سے پانچ کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ جاری کی گئی۔ کوویڈ 19 کی وجہ سے پاکستان ہاکی فیڈریشن نے آن لائن فزیکل فٹنس ٹریننگ اور کوچنگ کورسز بھی کرائے۔ پاکستان سپورٹس بورڈ نے کھلاڑیوں کی مشکل صورتحال میں  مدد کے لئے ہاکی فیڈریشن کو پندرہ لاکھ روپے کی خصوصی گرانٹ جاری کی۔  گرانٹ کو کھلاڑیوں کے اکاؤنٹس میں ٹرانسفر کر دیا گیا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری اولمپیئن آصف باجوہ کا کہنا ہے امید کرتے ہیں 2021ء کا سال کھیلوں کے میدانوں میں بھی خوشیاں لیکر آئے گا جس کے لیے پی ایچ ایف نے اپنا شیڈول مرتب کر لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایف آئی ایچ کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں نئے سال کے کلینڈر ائر میں جو بھی ایونٹس اعلان کیے جائیں گے اس کے مطابق پاکستان ہاکی ٹیم کی تیاریاں کرینگے۔

مزیدخبریں