پاکستان نے آرمینیا کی جارحیت کیخلاف آذر بائیجان کی حمایت کر کے دل جیت لئے، علی علیزادہ 

Dec 26, 2020

اسلام آباد ( جاوید صدیق) پاکستان میں آذر بائیجان کے سفیر علی علیزادہ نے کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے کہ آذر بائیجان نے نگورنو کارا باخ کے وہ علاقے جو آرمینیا کے غیر قانونی قبضے میں تھے انھیں چھڑا لیا ہے۔ آرمینیائی فوج نے مقبوضہ علاقے خالی کرتے وقت مقامی انفراسٹرکچر، عمارتوں، سکولوں، ہسپتالوں کو زبردست نقصان پہنچایا ہے۔ ایک اندازے کے مطاقب آرمینیا کی فوج نے 100 ارب ڈالر کا نقصان کیا ہے۔ علاقے کا سارا انفراسٹرکچر تباہ ہو گیا ہے۔ آذر بائیجان  کے سفیر نے بتایا کہ آرمینیا کی فوج نے علاقے میں بارودی سرنگیں بچھا دی ہیں، ان سرنگوں کو بے اثر بنانے یعنی ان کی ڈی مائننگ کیلئے کئی سال کا عرصہ درکار ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ جلد سے جلد علاقے کو سرنگوں سے پاک کیا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں آذر بائیجان کے سفیر نے بتایا کہ آرمینیا کی جارحیت کی وجہ سے بڑی تعداد میں مہاجرین اس وقت آذر بائیجان میں ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ انھیں جلد سے جلد آبائی علاقوں میں بحال کیا جائے۔ تباہ شدہ انفراسٹرکچر اور مواصلاتی نظام کو دوبارہ تعمیر کرنے کیلئے بھی اربوں ڈالر چاہیں۔ پاکستان نے آرمینیا کی جارحیت کیخلاف آذر بائیجان کی حمایت کر کے آذر بائیجان  کے لوگوں کے دل جیت لئے ہیں۔ ہم پاکستان کی اخلاقی، سفارتی حمایت پر پاکستان اور اس کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ 

مزیدخبریں