فیروز والہ/ سیالکوٹ/ ایبٹ آباد/ کوئٹہ (نامہ نگار‘ نمائندہ خصوصی‘ اے پی پی‘ نوائے وقت رپورٹ) فیروز والہ میں جی ٹی روڈ کی آبادی منوں آباد میں گیس سلنڈر پھٹنے کے حادثے میں مزید دو افراد دم توڑ گئے ہلاکتوں کی تعداد 6 ہو گئی۔ سیالکوٹ میں گیس لیکیج سے 51 سالہ شخص جاں بحق ہو گیا۔ ایبٹ آباد میں گیس لیکیج کے باعث دم گھٹنے سے دو افراد چل بسے جبکہ کوئٹہ میں گیس لیکیج سے دو افراد دم توڑ گئے۔ تفصیلات کے مطابق فیروز والہ سے نامہ نگار کے مطابق جی ٹی روڈ کی آبادی منوں آباد میں گیس سلنڈر پھٹنے کے دوران زخمی ہونے والے دو افراد ہسپتال میں دم توڑ گئے جبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد چھ ہو گئی جن میں محمود احمد‘ اس کا بیٹا مدثر حسنین اور ثاقب علی وغیرہ شامل ہیں جبکہ ہسپتال میں چار افراد اب بھی زیر علاج ہیں۔ سیالکوٹ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق نیو میانہ پورہ بوڑھ والی گلی میں کمرے کے اندر گیس لیکیج کی وجہ سے گیس بھر گئی جس سے 51 سالہ نواز نے گیس لیکیج دیکھنے کیلئے ماچس جلائی اور زور دھماکہ ہوا۔ ایبٹ آباد سے اے پی پی کے مطابق نواں شہر اورش کالونی میں گیس لیکیج کے باعث دم گھنٹے سے دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ خاتون کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ نواں شہر اورش کالونی میں گھر کے کمرے میں گیس لیکیج کے باعث دم گھنٹے سے نذیر احمد اور سلیم زمان جان بحق ہوئے ۔ کوئٹہ سے نوائے وقت کے مطابق اختر محمد روڈ کوئٹہ پر کمرے میں گیس بھر جانے سے دو بھائی جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق افراد کا تعلق بہاولپور سے تھا۔
فیروز والہ: سلنڈر دھماکے میں مزید 2 ہلاکتیں‘ گیس لیکیج‘ ایبٹ آباد‘ کوئٹہ 2، 2 جاں بحق
Dec 26, 2020