گکھڑ منڈی: 3 رکنی گروہ نے ڈاکٹر‘ نرس سے مل کر محنت کش کا گردہ نکال لیا

Dec 26, 2020

گکھڑمنڈی (نامہ نگار) گردہ فروشوں کے 3رکنی گروہ نے ڈاکٹر اور نرس سے مل کر دھوکے سے محنت کش کا گردہ نکال لیا۔ قانونی کارروائی کرنے پر اسے قتل اور دوسرا گردہ بھی نکالنے کی دھمکیاں دینے لگے۔ شرقی راہوالی کے محلہ سلیم پورہ کے رہائشی محمد جاوید نے تھانہ کینٹ میں دی گئی تحریری درخواست میں موقف اختیار کیا کہ چند ماہ قبل ونجو والی کے بابا رفیع بھٹی، بشیر بھٹی، بابر بھٹی سکنہ قلع دیدار سنگھ اسے نامعلوم ڈاکٹر، نرس کے پاس لے جانے کے لیے ورغلا کر لے گئے اور کہا کہ ایک غریب مریض کی مددکے لیے اسلام آباد کی کوٹھی میں لے گئے جہاں اس کا گردہ نکال کر مظہر نامی شخص کو ٹرانسفر کردیا جس سے ملزمان نے 10لاکھ روپے وصول کرکے ہڑپ کرلیے اور اسے واپس راہوالی لاکر چھوڑ دیا اور دھمکیاں دیں کہ اگر کوئی کارروائی کی تو دوسرا گردہ بھی نکال کر لاش مری کے دور دراز پہاڑوں میں پھینک دیں گے ۔

مزیدخبریں