اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) نیوزی لینڈ اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان دوٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج (بروز ہفتہ) سے مائونٹ مانگنوئی میں شروع ہوگا۔ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میزبان ٹیم نے گرین شرٹس سے 2-1سے جیت لی تھی۔ کیوی ٹی نے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی ، دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے گرین شرٹس کو 9وکٹوں سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز میں 2-0کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی تھی۔تیسرے میچ میں پاکستان کی ٹیم نے کیوی ٹیم کو چار وکٹوں سے شکست دی تھی تاہم تین میچوں کی سیریز کیوی ٹیم نے 2-1سے اپنے نا م کر لی تھی اور اب تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ آج ہفتہ سے 30دسمبر تک مائونٹ مانگنوئی میں کھیلا جائے گاجبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 3سے 7جنوری تک کرائسٹ چرچ میں شیڈول ہے۔ ٹی ٹونٹی میچوں میں انجری مسائل کے شکار بابر اعظم کی غیر موجودگی میں پاکستان کرکٹ ٹیم شاداب خان کی زیر قیادت میدان میں اتری تھی لیکن بابر اعظم انجری مسائل سے صحت یاب ہورہے ہیں اور وہ کیوی ٹیم کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں بھی شرکت نہیں کر پائیں گے، ان کے علاوہ اوپننگ بلے باز امام الحق بھی فٹنس مسائل کا شکار ہیں وہ بھی پہلے ٹیسٹ میں گرین شرٹس کا حصہ نہیں ہوں گے۔ اور ان کی جگہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان پاکستان ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ میزبان ٹیم کی قیادت کین ولیم سن کریں گے۔نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریزکے پہلے میچ میں پاکستان ٹیم کی کمان محمد رضوان سنبھالیں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں سرفراز احمد ،شاداب خان، عابد علی، اظہرعلی، شان مسعود، فواد عالم، سہیل خان، یاسر شاہ، محمد عباس، عمران بٹ، حارث سہیل، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف شامل ہیں۔
نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ آج شروع ہوگا
Dec 26, 2020