پہلا ٹیسٹ ، پاکستان، نیوزی لینڈ آج مد مقابل، ٹف ٹائم دینگے: اظہر علی

Dec 26, 2020

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ آج سے ماونٹ منگنوئی میں شروع ہوگا۔پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے ممکنہ پاکستان کی پلیئنگ الیون کے کپتان محمد رضوان ہوں گے جبکہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں عابد علی، شان مسعود، اظہر علی، حارث سہیل، فواد عالم، فہیم اشرف، یاسر شاہ ، محمد عباس، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہوسکتے ہیں۔قومی ٹیم نے نیوزی لینڈ سے ٹیسٹ سیریز میں مقابلے کیلئے گزشتہ روز بھی 4 گھنٹے سے زائد ٹریننگ سیشن کیا۔قومی بلے باز اظہرعلی نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کو ٹف ٹائم دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، میچ میں بہتر کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔ نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز ہمیشہ سے ایشین سائیڈز کیلئے چیلنجنگ رہتی ہیں، ان کنڈیشنز میں ہمارے باولرز کا کردار اہم ہے۔ ٹیسٹ فارمیٹ کے تجربہ کار باولرز کی موجودگی سے ہمیں فائدہ ہوگا، زیادہ دیر کریز پر وقت گزاریں گے تو رنز بنیں گے۔قومی کرکٹ ٹیم کے بائولنگ کوچ وقار یونس نے بہترین کارکردگی کیلئے بائولرز کو مفید مشورے دیئے۔بولنگ کوچ وقار یونس نے فاسٹ بولر وہاب ریاض کو پورے رن اپ کیساتھ باؤلنگ کرنے کا مشورہ دیا۔وقار یونس نے موسیٰ خان کو بھی رن اپ اور کلائی پر فوکس کرنے کا مشورہ دیا اور اس کیساتھ ہی ہدایت دی کہ ڈی کی ایک سائیڈ بند رکھ کر بائولنگ کرو۔ایک سائیڈ پر بائولنگ سے جسم پر زور آئے گا لیکن بعد میں عادت ہوجائے گی۔ خود پر اعتماد رکھیں مضبوط بنیں کامیابی ملے گی۔

مزیدخبریں