کرونا: مزید 86اموات ، متحدہ کے عامر خان متاثر، لندن سے پشاور آنیوالے 2مسافر مثبت

Dec 26, 2020

اسلام آباد (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ)  پاکستان میں کرونا کے 2 ہزار 152 ٹیسٹ نتائج مثبت آئے۔ متحدہ کے رہنما عامر خان بھی متاثر  ہو گئے۔ جبکہ 86 افراد اس وائرس کے باعث انتقال کرگئے۔ ایک ہزار 824 مریض شفایاب بھی ہوئے۔ مجموعی کیسز کی تعداد 4 لاکھ 67 ہزار 222 ہوگئی، 4 لاکھ 18 ہزار 958 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 9 ہزار 753 کا انتقال ہوا جبکہ فعال کیسز کی مجموعی تعداد 38 ہزار 511 ہے۔ صوبہ سندھ میں مزید ایک ہزار107 کیسز کا اضافہ ہوا، تعداد 2 لاکھ 8 ہزار 514 تک پہنچ گئی۔ ایک روز میں 22 اموات ہوئیں،  مجموعی اموات 3 ہزار 462 تک پہنچ گئی۔ صوبہ پنجاب میں 471 نئے کیسز سامنے آئے، متاثرین ایک لاکھ 34 ہزار 345 ہوگئے۔  مزید 48 مریض لقمہ اجل بنے، اموات 3 ہزار 831 ہوگئی۔ خیبرپی کے میں مزید 384 افراد متاثرِمجموعی متاثرین 56 ہزار 544 ہوگئے۔ صوبے میں مزید 8 مریضوں کا انتقال ہوا، تعداد ایک ہزار 585 تک جا پہنچی۔ بلوچستان میں 23 کیسز سامنے آئے، مجموعی کیسز 18 ہزار 28 ہوگئے۔ مجموعی اموات 181 پر برقرار رہی۔ اسلام آباد میں مزید 123 کیسز کی تصدیق، تعداد 36 ہزار 844 تک جا پہنچی۔ مزید 4 مریض جاں بحق، اموات بڑھ کر 402 ہوگئیں۔ آزاد کشمیر میں کرونا کے 38 نئے کیسز، متاثرین کی تعداد 8 ہزار 103 ہوگئی۔ مزید 2 مریض زندگی کی بازی ہار گئے، اموات 213 تک پہنچ گئیں۔ گلگت بلتستان میں 6 نئے کیس رپورٹ، متاثرین کی تعداد 4 ہزار 844 ہوگئی۔ مزید 2 اموات ہوئیں، مرنے والوں کی تعداد 101 ہوگئی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق شفایاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 18 ہزار 958 ہوگئی۔  برطانیہ سے خیبرپی کے پہنچنے والے  2مسافروں کے کرونا ٹیسٹ مثبت آگئے۔ سیکریٹری صحت خیبرپی کے سید امتیاز حسین شاہ کا کہنا تھا کہ برطانیہ سے آنے والے 2 افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک 38 افراد سے ٹیسٹ کے لیے نمونے لیے ہیں، جس میں سے 2 کے نتائج مثبت آئے ہیں اور یہ نمونے مزید ٹیسٹ کے لیے قومی ادارہ صحت اسلام آباد کو ارسال کردیے ہیں۔ متاثرہ افراد کو گھروں میں الگ کردیا ہے۔  کرسمس پر اپنے پیغام میں پوپ نے کہا ہے کہ کرونا ویکسین دوسرے ممالک کو بھی فراہم کی جائے۔ ایم کیو ایم کے سینئر رہنما عامر خان بھی کرونا وائرس کا شکار ہو گئے انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا۔کرونا کیسز میں اضافے کے باعث گوجرانوالہ کے مزید 2 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈائون نافذکردیا گیا۔ محکمہ صحت پنجاب کے مطابق گوجرانوالہ کے کابل بلاک ڈی سی کالونی اور سیٹلائٹ ٹائون نزد ایم بی پارک کے علاقوں میں سمارٹ لاک ڈائون لگایا گیا ۔ دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 7 کروڑ 97 لاکھ 34 ہزار 164 تک جا پہنچی ہے جبکہ  ہلاکتیں 17 لاکھ 49 ہزار 528 ہو گئیں۔  امریکہ میں  اب تک 3 لاکھ 37 ہزار 66 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 1 کروڑ 91 لاکھ 11 ہزار 326 ہو چکی ہے۔1 لاکھ 47 ہزار 128 ہلاکتیں ہو چکی ہیں مریضوں کی تعداد 1 کروڑ 1 لاکھ 47 ہزار 468 ہو گئی۔ دنیا بھر میں مسیحی برادری اپنا تہوار کرسمس منا رہی ہے۔ کرونا وائرس کی وباء کی وجہ سے دنیا کے بیشتر ممالک میں اس بارکرسمس کی تقریبات کافی محدود پیمانے پر منعقد ہو رہی ہیں۔ چرچز میں باقاعدہ سروسز کا انعقاد بھی نہیں کیا گیا اور نہ ہی لوگ بڑے اجتماعات میں شریک ہو رہے ہیں۔ کیتھولیک مسیحیوں کے رورحانی پیشوا پوپ فرانسس نے گزشتہ  شب ویٹیکن میں دو سو افراد پر مشتمل ایک محدود تقریب سے خطاب کیا۔ انہوں نے مسیحیوں  پر زور دیا کہ غریبوں کی مدد کی جائے۔ پاپائے روم نے کہا کہ اس بار کرسمس پر سب کو بیٹھ کر یہ سوچنا چاہئے کہ دنیا بھر میں اتنے افراد کے ساتھ کیوں ناانصافیاں جاری ہیں۔ سب کو ویکسین  فراہم کی جانی چاہئے۔برطانیہ سے امریکا کی طرف سے سفر کرنے والے افراد کو امریکا میں داخل کیلئے کرونا ٹیسٹ رپورٹ دکھانا ہوگی اور یہ بھی ضروری ہے کہ اس کا نتیجہ منفی ہو۔ جرمنی کی دو تہائی آبادی دستیابی کی صورت میں  کرونا ویکسین لگوائے گی۔ یہ انکشاف رائے عامہ کے ایک تازہ جائزہ کے نتائج پر مبنی ہے۔ سروے میں شامل 32 فیصد افراد نے کہا کہ وہ فوراً ویکسین لگوانا چاہیں گے جبکہ تینتیس فیصد کے مطابق وہ کچھ وقت انتظار کے بعد یہ ویکسین لگوانا پسند  کریں گے۔

مزیدخبریں