قائد اعظم کا یوم پیدائش منایا گیا، مزار پر گارڈز تبدیلی کی تقریب ، صدر، وزیراعظم کا زبردست خراج عقیدت

 اسلام آباد، لاہور، کراچی (سپیشل رپورٹ‘ وقائع نگار خصوصی‘ ایجنسیاں) بانی پاکستان، بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کا یوم پیدائش ملی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ دن کا آغاز نماز فجر کے بعد خصوصی دعائوں سے ہوا جس میں قائد اعظم کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جس کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی میجرجنرل عمر احمد بخاری تھے۔ پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھال لئے۔ میجر جنرل عمر احمد بخاری نے مزار قائد پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس سلسلے میں ملک بھر میں سرکاری اور نجی سطح پر سماجی تنظیموں کے زیر اہتمام مختلف تقاریب کانفرنسز، سیمینارز، مذاکروں اور مباحثوں کا اہتمام کیا گیا ۔ وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں میں دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا۔ گورنر سندھ، وزیراعلی سندھ اور دیگر اہم شخصیات نے مزار قائد پر حاضری دی اور ان کو خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناحؒ  کی سالگرہ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہم قائداعظم محمد علی جناحؒ کو برصغیر کے مسلمانوں کے لئے الگ وطن کے قیام میں کردار پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ایوان صدر میڈیا ونگ کی جانب سے  جاری پریس ریلیزکے مطابق انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایک مضبوط اور خوشحال ملک بنانے کے لئے قائد اعظم کے نظریات پر عمل پیرا ہونے کا عہد کیا جائے۔ قائداعظمؒ اقلیتوں کے حقوق کے حامی تھے۔ ہم آج ایک ایسی ریاست کی تعمیر کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں جو اپنے لوگوں کے تنوع کا احترام اور شہریوں کو یکساں مواقع مہیا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگ سات دہائیوں سے ریاستی دہشت گردی کا شکار ہیں۔ صدر نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق بھارتی غیر قانونی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو روکنے اور حق خودارادیت کی فراہمی کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے۔ وزیراعظم عمران خان نے قائد اعظم کی سالگرہ پر اپنے پیغام میں کہا کہ خوش نصیب ہوں کہ ایک آزاد ماحول میں آنکھیں کھولیں۔ قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر وزیر اعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ 25دسمبر کو محمد علی جناح کی پیدائش ہوئی تو ایک قابل فخر قوم کا وجود میں آنا مقدر بنا۔ محمد علی جناح کا برصغیر کے مسلمانوں کے لیے وژن تھا جس کے ذریعے پاکستان کا قیام عمل میں آیا۔ انسانی تاریخ میں چندہی افراد کو ایسی شہرت ملی جیسی ہمارے قائد اعظم کو نصیب ہوئی۔ قائد اعظم کا افراتفری اور محرومی کے شکار لوگوں کو ایک قوم بنانے کا عزم معجزہ تھا۔ قوم تمام معاملات میں ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے قائد کو خراج عقیدت پیش کرے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آئیے ہم قائد کے نظریات اتحاد، عقیدے اور نظم و ضبط کو ایک نئی قومی روح کیساتھ زندہ کریں۔ علاوہ ازیں صدر ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان کے بچوں پر زور دیا ہے کہ بابائے قوم محمد علی جناح کے اصولوں پر چل کر اپنے علم اور صلاحیتوں کے ذریعہ پاکستان کو ایک عظیم مملکت بنائیں۔ وہ بانی پاکستان کی سالگرہ کے موقع پر ’’قائد اور بچے ‘‘ کے عنوان سے ہونیوالی تقریب سے ایوان صدر میں خطاب کر رہے تھے۔ صدر علوی نے کہا کہ پاکستان قائد کی امانت ہے اور نئی نسل کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس ملک کو مضبوط اور خوشحال بنائے۔ انھوں نے نوجوان نسل کو تاکید کی کہ وہ قائد کی زندگی کا مطالعہ کرے کہ کس طرح انھوں نے پاکستان کو قائم کرنے کیلئے بے لوث محنت کی۔باجوڑ میں 3 کلو میٹر لمبے پاکستانی پرچم کے ہمراہ عظیم الشان ریلی نکالی گئی۔ ہزاروں نے شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن