گیس بحران،ایل پی جی،لکڑیوں کوئلے بھی مہنگے،صارفین سراپا احتجاج


لاہور‘ کراچی‘ چیچہ وطنی (نیوز رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) لاہور میں گیس لوڈشیڈنگ کا مسئلہ سنگین ہوتا جارہا ہے۔ گیس کی قلت کی وجہ سے غریب شہریوں کی مشکلات بڑھ گئیں ہیں۔ ایل پی جی بھی قوت خرید سے باہر ہو گئی جس کی وجہ سے شہری لکڑی خریدنے پر مجبور ہیں۔ جبکہ لکڑی کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں ہیں۔لکڑی کی قیمت 1200 روپے فی من اور کوئلہ 80 روپے کلو میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق لاہور‘ کراچی‘ کوئٹہ سمیت کئی شہروں میں گیس کی قلت برقرار ہے۔ شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ کھانا پکانے‘ روزمرہ کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ پشاور میں آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن نے احتجاج کیا۔ پشاور پریس کلب کے باہر مظاہرہ کیا اور کہا کہ وعدے کے مطابق 7 گھنٹے گیس فراہم نہیں کی جا رہی۔ مطالبات منظور نہ ہوئے تو آئندہ احتجاج اسلام آباد میں ہو گا۔ شہریوں نے کہا کہ کہیں گیس سپلائی بند اور کہیں پریشر کم ہے۔ لاہور کے کئی علاقوں میں گیس نایاب ہے۔ کراچی والے مہنگی ایل پی جی اور لکڑیاں جلانے پر مجبور ہیں۔ اسلام آباد میں گیس کی صورتحال انتہائی خراب ہے۔ شہریوں نے کہا کہ حکومت گیس کا مسئلہ حل کرے۔ چیچہ وطنی سے نامہ نگار کے مطابق چیچہ وطنی شہر اور نواحی علاقوں میں سوئی گیس کے کم پریشر اور لوڈشیڈنگ کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ بڑھتی سردی کے باعث سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ شہریوں کیلئے دردسر بن گئی ہے جس کے متبادل کیلئے خشک لکڑی اور ایل پی جی کی قیمتیں بھی آسمانوں کو چھو رہی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن