ن لیگ والے پالش لئے کھڑے کوئی بوٹ آگے نہیں کر رہا:فواد چوہدری:ہر ظلم کا حساب لیں گے،لیگی رہنما


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی، این این آئی‘ آئی این پی) وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ جو لوگ وطن واپسی کیلئے ڈیل کا انتظار کریں وہ سیاست میں ہمیشہ بونے ہی رہیں گے۔ ن لیگ والے بوٹ پالش کا سامان لے کر کھڑے ہیں صرف کوئی بوٹ آگے نہیں کر رہا۔ آپ پاکستان کا تاریک دور ہیں ہواؤں کا رخ اب آپ کا نہیں، روشنی ہو جائے تو تاریکی ختم ہو جاتی ہے اور پاکستان میں یہ ہی ہوا۔ دوسری جانب معاون خصوصی شہباز گل نے ٹویٹ میں کہا کہ نواز شریف نے کفن باندھ لیا ہے کا بیانیہ بنانے کیلئے کچھ لوگوں کو استعمال کیا گیا، اب انقلاب کی معطلی اور اسی سٹیبلشمنٹ سے ڈیل کا بیانیہ بنانے کیلئے کچھ لوگوں کو استعمال کر رہے ہیں، برطانیہ سے دھکا پڑنے کا قوی امکان ہے، اس کی گراؤنڈ بنائی جا رہی ہے۔ نوازشریف علاج کے بہانے ملک سے فرار ہوئے حکومت ان کے پاسپورٹ میں توسیع نہیں کرے گی۔ نوازشریف واپس آکر اپنی سزا پوری کریں۔ انہوں نے اداروں کو گالیاں دیں، انقلابی نوازشریف اب پھر اچانک بزدل ہوگئے جب بندہ جھوٹا ثابت ہوجائے تو الیکشن کیلئے اہل نہیں ہوسکتا۔ نواز شریف کی برطانیہ سے بے دخلی کو سیاسی واپسی بنایا جارہا ہے۔ برطانیہ میں نواز شریف کے ویزا میں توسیع مسترد ہو چکی ہے، اس وقت اپیل میں ہیں لیکن انہیں پتہ ہے ویزا رجیکٹ کر کے بے دخل کیا جائے گا اس لیے نواز شریف کے بے دخل ہونے کو ان کا واپس آنے کا سیاسی فیصلہ بنا کر پیش کیا جا رہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن