سرینگر ( نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی+ کے پی آئی) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائی کے دوران ہفتہ کو ضلع شوپیاں اور پلوامہ میں مزید دو کشمیری نوجوانوں کو فائرنگ کرکے شہید کر دیا۔ علاقے میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی بند کر دی ہے۔ سرحد پار سے آمدہ اطلاعات کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے چوگام میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ پولیس نے مجاہد تنظیم سے تعلق کا الزام لگا کر بڈگام سے 2 بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو گرفتارکرلیا۔ پولیس نے الزام لگا کر نوجوانوں کو ایک مجاہد تنظیم سے وابستہ کارکن قرار دیا۔ پیر پنچال کے جڑواں اضلاع میں کچھ عسکریت پسندوں کی مشتبہ موجودگی کے حوالے سے علاقے میں ہائی الرٹ جاری ہے بھارتی پولیس نے سوشل میڈیا صارفین کو غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھا م کے کالے قانون کے تحت مقدمات کے اندراج کی دھمکی دی ہے قابض انتظامیہ کی طرف سے اس بارے میں اشتہارات تین اہم مقامی روزناموں کے صفحہ اول پر شائع کیے گئے ہیں۔ مقصد ریاستی دہشتگردی کی کارروائی کو اجاگر کرنے سے روکنا ہے۔
بھارتی دہشگردی ،مزید 4کشمیری ،شہید،بڈگام سے2بیگناہ نوجوان گرفتار
Dec 26, 2021