بنگلور‘ نیویارک (آئی این پی‘ نوائے وقت رپورٹ) بھارتی ریاست کرناٹکا میں ہندو انتہا پسندوں نے سکول میں ہونے والی کرسمس کی تقریب کو بزور طاقت رکوا دیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست کرناٹکا کے ضلع منڈیا میں کرسمس کی تقریبات جاری تھیں کہ اسی دوران ہندو انتہا پسند گروپ کے کارندوں نے سکول پر دھاوا بول دیا۔ سکول انتظامیہ کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اور کرسمس پارٹی کو بزور طاقت رکوا دیا۔ سکول انتظامیہ کے مطابق کرسمس کی تقریب طالب علموں کی جانب سے اپنے ساتھیوں کے لیے کیا گیا تھا، جسے زبردستی بند کروا کے بچوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز سامنے کے مطابق ہندو انتہا پسند مسیحی کمیونٹی کو زبردستی ہندو مذہب اختیار کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔ ہندو انتہا پسند عیسائیوں کی عبادت گاہوں کو نقصان پہنچاتے اور ان کو عبادت سے روکتے ہیں۔ نیو یارک ٹائمز کے مطابق موت کے خوف سے عیسائیوں نے خود کو ہندو ظاہر کرنا شروع کر دیا۔ اخبار کے مطابق اقلیتوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف بھارتی وزیراعظم کی خاموشی پر عالمی برادری کو شدید تحفظات ہیں۔ بھارت میں انتہا پسند ہندوؤں نے کرسمس کی تقریبات پر حملے کر کے رکوا دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ہندو انتہا پسندوں نے گڑ گاؤں میں کرسمس کی تقریبات پر حملہ کر کے رکوا دیا۔ آر ایس ایس کے غنڈوں نے انتہا پسندی پر مبنی نعرے بھی لگائے۔ آگرہ میں سانتا کلاز کا پتلا نذر آتش کر دیا گیا۔ سانتا کلاز کا لباس پہننے پر سخت نتائج کی دھمکی دی گئی ہے۔