اسلام آباد، کراچی (نمائندہ خصوصی+خبر نگار+ اے پی پی+ آئی این پی) بابائے قوم محمد علی جناحؒ کے 145 ویں یومِ پیدائش کے موقع پر مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے کیڈٹس نے مزارِ قائد کی سکیورٹی کی ذمے داریاں سنبھالیں۔ بانی پاکستان کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی اور فاتحہ خوانی، سلامی پیش کیا گیا۔ علاوہ ازیں بابائے قوم کے یومِ پیدائش پر صدر مملکت عارف علوی اپنے پیغامات میں کہا کہ قائداعظم نے اپنی صلاحیتوں، عزم اورغیرمعمولی کردارکی بدولت پاکستان کے خواب کو حقیقت میں بدلا۔ پاکستان کی ترقی وخوشحالی کیلئے ہمیں نظم و ضبط، بھائی چارے اورلگن کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ آج کے دن ہم اِس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان کو ایک عظیم اورمضبوط ملک بنائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے یوم قائد کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ ہمیں بحیثیت قوم قائد کے ترقی یافتہ، ترقی پسند اور روادار پاکستان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ان اوصاف کو اپنانے کی ضرورت ہے، قائد کے وژن کے مطابق ہماری حکومت کرپشن سے پاک معاشرے اور غریب اور پسماندہ شہریوں کی مدد کرنے والے نظام کے لیے کوشاں ہے، پاکستان کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے اور ان پر قابو پانے کا واحد حل قائد کے اتحاد، ایمان اور نظم کے نظریات پر عمل پیرا ہونا ہے۔ آئیے ہم ذات، مسلک اور عقیدے کی بنیاد پر اپنے اختلافات کو ختم کر کے متحد ہو کر کام کریں۔ مسلح افواج نے ہفتہ کو قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا۔ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل افتخار بابر نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ قائد کا ایک پرامن اور ترقی پسند پاکستان کا وژن اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں پر عمل پیرا ہونا بحیثیت قوم ہماری کامیابی کے لیے ناگزیر ہے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ہفتہ کو مزار قائد پر حاضری دی، انہوں نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ ہمارے مسائل کی بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ ہم نے وہ تعلیمات بھلا دی ہیں جو بابائے قوم نے دیں۔ سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بلاشبہ انہوں نے ایک ایسا کارنامہ سر انجام دیا جو تاریخ میں کم ہی لوگوں نے انجام دیا ہوگا۔ "پاکستان ائیر فورس کے لئے قائد کے تصور "سیکنڈ ٹو نن" کے عین مطابق، میں آپکو یاد دلاتا چلوں کہ موجودہ دنیا کی غیر یقینی صورتحال میں ہمیں اپنی استعداد بڑھانی ہوگی۔ پاک فضائیہ کے شعبہ تعلقات عامہ نے قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کی مناسبت سے ایک مختصر دستاویزی ویڈیو جاری کی ہے جس میں پاک فضائیہ کی جانب سے بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔ وزارت اطلاعات و نشریات کے زیر اہتمام اسلام آباد میں یوم قائداعظم کے سلسلے میں لائٹ شو ہوا ہے۔ وزیر اطلاعات و نشریات چودھری فواد حسین ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
بابائے قوم کا145واںیوم پیدائش ،مزار پر گارڈ تبدیل،تقریبات
Dec 26, 2021