ٹرانسپورٹ مالکان اوپس سے فٹنس سرٹیفکیٹ بنوائیں:ریلیف کمشنر

لاہور (وقائع نگار)ریلیف کمشنر پنجاب بابر حیات تارڑ نے سموگ سے نمٹنے اور اثرات سے بچاؤ کیلئے لاہور شہر میں داخل ہونے والی ہر قسم کی پبلک سروس گاڑیوں کیلئے صرف اوپس کے وکس سنٹر سے جاری فٹنس سرٹیفکیٹ کو لازمی قرار دیتے ہوئے تمام دوسرے سرکاری اداروں سے جاری شدہ فٹنس سرٹیفکیٹ کو اب سے 3 ماہ کیلئے منسوخ کر دیا ہے۔ ریلیف کمشنر پنجاب نے ٹریفک پولیس لاہور کو حکم جاری کرتے ہوئے پابند کیا ہے کہ جو پبلک سروس گاڑیاں ویکس کے فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر لاہور شہر میں داخل ہو ایسی گاڑیوں کے کاغذات قبضے میں لے کر متعلقہ سیکرٹیری ڈی آر ٹی کو بھجوائے اور سیکرٹیری ڈی آر ٹی اس بات کو یقینی بنوائے گے کے کاغذات تب تک واپس نہیں کیے جائے جب تک گاڑی کا مالک اپنی گاڑی کا فٹنس سرٹیفکیٹ وکس سنٹر سے حاصل نہیں کر لیتا۔ انہوں نے یہ حکم نامے حکومت پنجاب کو سموگ کو آفت قرار دینے ،دھواں دینے والی گاڑیوں کے خلاف مؤثر کارروائی کے پیش نظر جاری کیا ہے۔ پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی نے دھواں دینے والی پبلک ٹرانسپورٹ کی خلاف مہم کو سخت کرتے ہوے 18981 گاڑیوں کو اب تک 41 لاکھ 10 ہزار کے جرمانے اور خراب حالت کی 3833 پبلک سروس و ہیکل کو مختلف تھانوں میں بند کر دیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن