اے اورسیز سیکشن آفسیرز کے تبادلے جلدجنوبی پنجاب سیکرٹریٹ سے ہونگے،چیف سیکرٹری


ملتان (نمائندہ نوائے وقت)چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے کہا ہے کہ حکومت جنوبی پنجاب کی بھرپور ترقی کی خواہاں ہے۔تمام محکمے مرحلہ وار جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ منتقل کئے جائیں گے اور اسسٹنٹ کمشنرز اور سیکشن آفیسرز کے تبادلوں کے اختیارات بھی جلد جنوب پنجاب سیکرٹریٹ کو تفویض کردئے جائیں گے۔یہ بات انہوں نے سول سیکرٹریٹ ساوتھ پنجاب میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر اور جنوبی پنجاب کے تمام ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز اجلاس میں موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری پنجاب کے طور پر جنوبی پنجاب کے ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز کے اجلاس کی صدارت ان کے لئے اعزاز ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل  نے  جنوبی پنجاب کے ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز کی کارکردگی کی تعریف  کی اور کہا کہ سیکرٹریز کی کارکردگی جانچنے کے لئیاشاریے اور ریٹنگ متعارف کرادی ہے اور سیکرٹریز کی کارکردگی کو ان اشاریے کے ذریعے پرکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سیکرٹریز حکومت کی پالیسی پر عملدر آمد یقینی بنائیں اور ترقیاتی منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کو  ترجیحات میں شامل کریں اور سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے صحت اور تعلیم کے شعبے میں اقدامات کی ستائش  کی اور  ٹرانس جینڈر اور صبح نو سکول کے قیام اور آن لائن روشنی میگزین کے اجراء  کی کاوشوں کو سراہا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے اس موقع پر  بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آم،گندم،کپاس اور  دوسری زرعی اجناس کی  پیداوار کے حوالے سے ملکی معیشت میں اس خطے کا اہم مقام ہے۔انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی بلڈنگ کی تعمیر پر کام جاری ہے اور یہ منصوبہ اگست2023 میں منصوبہ مکمل کرلیا جائے گا جبکہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بہاولپور کی بلڈنگ کے لئے400 کنال اراضی الاٹ کردی گئی ہے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے بریفنگ میں بتایا کہ جنوبی پنجاب کے لئے189 ارب روپے بجٹ میں مختص کئے گئے ہیں اور ترقیاتی منصوبوں پر45 فیصد بجٹ خرچ کیا جا چکا ہے۔جنوبی پنجاب کے11 اضلاع میں 1541 ترقیاتی منصوبے تیار کئے گئے ہیں جن میں سے 1441 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی جا چکی ہے۔کیپٹن ر ثاقب ظفر نے بتایا کہ جنوبی پنجاب میں53 ارب روپے کی لاگت سے میگا پراجیکٹ شروع کئے گئے ہیں جن  کے لئے5ارب96 کروڑ روپے جاری کردئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ صحت کے شعبے میں میگا پراجیکٹس کی تکمیل سے صحت کی سہولیات میں اضافہ ہوگا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے مزید بتایا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ نے تعلیم کے شعبے میں  سکول اولمپکس اور سٹوڈنٹس کونسلز کا قیام کا اعزاز حاصل کیا ہے اور پاکستان کا پہلا ٹرنسجیڈر سکول ملتان میں قائم کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب میں تاریخی ورثے کے تحفظ کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔کیپٹن ر ثاقب ظفر نے بریفنگ میں بتایا کہ جنوبی پنجاب کے سیکرٹریز کی مانیٹرنگ کی وجہ سے محکموں کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔چیف سیکرٹری کو کو محکمہ صحت، تعلیم اور زراعت  کے شعبے میں اقدامات بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔قبل ازیں چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل دو روزہ دورے پر ملتان پہنچ گئے ہیں۔سول سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب پہنچنے پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے ان کا استقبال کیا۔کمشنر ملتان ڈاکٹر ارشاد احمد اور ڈپٹی کمشنر ملتان عامرکریم خان بھی انکے ہمراہ تھے۔پولیس کے چاک و چوبند دستے نے چیف سیکرٹری پنجاب کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

ای پیپر دی نیشن