کراچی ( سٹی نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز نے کہا ہے کہ تصور اقامت دین نظام الٰہی کا قیام ، قرآن عظیم الشان کی تعلیمات کی بنیاد ہے۔اقامت دین کی جدوجہد مسلمانوں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔اللہ اور اس کے عطا کردہ نظام سے غافل و باغی انسانوں کے نظام نے انسانیت کو بدترین مصائب و مسائل کا شکار کیا ہے۔لالچ ،حرص ،طمع اوراختیارات وطاقت کے ناجائز حصول کے لیئے انسانیت کا استحصال کرنا باطل پرستی ہے،خدا کا نظام عدل و راستی پر مبنی ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے جماعت اسلامی میرپورخاص کے تحت منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مقامی امیر حاجی نور الٰہی مغل و دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ حافظ نصراللہ عزیز کاکہناتھا کہ قرآن عظیم الشان کے عطا کردہ شاندار و مکمل نظام زندگی سے دوری اور اس کی تعلیمات سے روگردانی کے سبب دنیا بھر کی رسوائیاں اور ذلتیں مسلمانوں کا مقدر بن چکی ہیں۔پاکستان ایٹمی ملک ہونے کے باوجود عالمی ساہوکار اداروں کے در کا فقیر بن چکا ہے۔عالمی اداروں کا انتہائی ذلت آمیز رویہ بھی ہمارے حکمرانوں اور عوام کی آنکھیں نہیں کھول رہا پاکستان میں نافذ سودی اور کمار بازی والے معاشی نظام نے پاکستان کو دیمک کی طرح کھوکھلا کردیا ہے۔ہمیں عالمی اداروں کی غلامی سے نکلنا ہوگا۔پاکستان سمیت پوری دنیا کے مسلمانوں کے عروج اور کامیابی کا راستہ قرآن عظیم الشان آفاقی نظام کے عملی نفاذ میں ہے۔
تصور اقامت دین نظام الٰہی کا قیام قرآن کی تعلیمات کی بنیاد‘حافظ نصر اللہ
Dec 26, 2021